نایاب جانوروں کی لاشیں امریکا پہنچانے والا امریکی گرفتار

نیو یارک(نیٹ نیوز)سان فرانسسکو ائرپورٹ سے ایک امریکی شکاری کو مبینہ طور پر آٹھ نایاب پہاڑی بکروں (Ibex ) کی لاشیں اسمگل کرنے کے الزام میں گرفتارکرلیا گیا۔ جُرم میں معاونت پاکستانی ماہر شکار نے کی۔

کیلیفورنیا کی سکرامنٹو کاؤنٹی سے تعلق رکھنے والے بروس اور پاکستانی ماہر شکار 43 سالہ پیر دانش علی پر 2018 میں شکار کے دوران مبینہ جرائم کا الزام عائد کیا گیا تھا۔ وفاقی استغاثہ کے مطابق 49 سالہ جیسن کیتھ بروس کو 25 سال قید کی سزا سنائی جا رہی ہے کیونکہ انہوں نے جعلی سرکاری دستاویزات کے ذریعے کئی قیمتی لاشیں ملک میں منتقل کرنے کی کوشش کی تھی۔

بروس نے پاکستانی ماہرشکار کو مبینہ طور پر 50 ہزار ڈالرز ادا کیے تاکہ وہ معدومی کے خطرے سے دوچار طویل سینگ والی بھیڑوں (آئیبیکس ) کو مارنے میں اس کی مدد کرسکے۔بھیڑوں کی لاش کو پاکستانی سرکاری دستاویزات میں جعل سازی کرکے اسے ایک مختلف نسل کا جانور قراردیتے ہوئے امریکہ بھیجنے کا منصوبہ بنایا گیا تھا۔

کم از کم 25 شکاریوں نے مبینہ طور پر علی کی کمپنی کے ذریعے یہ حربہ استعمال کیا، جہاں 2013 اور 2018 کے درمیان 97 آئیبیکس کی لاشیں امریکا اسمگل کرنے کے لئے جعلی کاغذات کا استعمال کیا گیا۔

حالیہ برسوں میں آئیبیکس کی تعداد میں نمایاں کمی آئی ہے اور فرد جرم کی دستاویزات کے مطابق بروس کو مبینہ طور پر شکار سے قبل خبردار کیا گیا تھا کہ اس وقت صرف 180 بھیڑیں اس علاقے میں موجود تھیں۔ فش اینڈ وائلڈ لائف سروس کی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ بروس نے آئیبیکس کی لاشیں امریکا پہنچانے کیلئے 2016 میں علی کی خدمات حاصل کیں۔

بیان میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ بروس کو مارچ 2018 میں سان فرانسسکو انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر نایاب نسل کی لاش کے ساتھ پکڑے جانے کے بعد اس نے اور علی دونوں نے مبینہ طور پر جانور کی حقیقت سے متعلق جھوٹ بولنے کی سازش کی تھی۔ استغاثہ کا کہنا ہے کہ اس کے بعد مزید تحقیقات میںجانوروں کی اسمگلنگ کے وسیع گروہ کا انکشاف ہوا۔

بروس اور علی پر 23 مارچ کو فیڈرل گرینڈ جیوری نے سازش کے الزام میں فرد جرم عائد کی تھی اور شکاری کو اگلے دن گرفتار کر لیا گیا تھا۔

دونوں کو قانون کی خلاف ورزی کرنے، جھوٹے بیانات اور امریکا میں اسمگلنگ کی سازش کے الزام میں پانچ سال قید اور ڈھائی لاکھ ڈالرزجرمانے کی سزا کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

بروس کو اسمگلنگ اور خطرے سے دوچار آئیبیکس سے متعلق ایکٹ کی خلاف ورزی پر 21 سال کی اضافی سزا اور مجموعی طور پر 3 لاکھ ڈالرزجرمانے کا بھی سامنا ہے۔