لاہور(امت نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان طلبی پر لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت پہنچ گئے۔
اس سے قبل لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت (اے ٹی سی) نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی 3 مقدمات میں حاضری معافی کی درخواست مسترد کرتے ہوئے انہیں 11 بجے پیش ہونے کا حکم دیا۔
چیئرمین پی ٹی آئی کی 3 مقدمات میں عبوری ضمانتوں کی درخواست پر سماعت ہوئی، درخواست کی سماعت انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کی ایڈمن جج عبہر گل خان بطور ڈیوٹی جج نے کی۔
سابق وزیراعظم کی جانب سے ان کے وکلاء نے دلائل دیے کہ عمران خان کا کیس متعلقہ عدالت میں زیر سماعت ہے، وہ سیکیورٹی خدشات کے باعث پیش نہیں ہوسکتے، عمران خان آج پیش نہ بھی ہوں تو کوئی حرج نہیں۔
عدالت نے پوچھا کہ عمران خان کہاں ہیں، ابھی تک مچلکے بھی جمع نہیں کروائے آپ نے، آپ مجھے بتا دیں عمران خان نے آنا ہے کہ نہیں، ہاں یا ناں میں بتائیں، جو آئے گا وہی ریلف لے گا۔
وکیل عمران خان نے کہا کہ عمران خان آجائیں گے دور نہیں، جس پر عدالت نے کہا کہ عمران خان 11 بجے تک پہنچ جائیں، اگر عمران خان نہ آٸے تو ضمانت خارج کر دی جائے گی۔