لندن: پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان پر ممنوعہ ادویات کے استعمال کے باعث 2 سال کی پابندی عائد کردی گئی۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق برطانوی اینٹی ڈوپنگ نے ایک بیان میں کہا کہ فروری 2022 میں کیل بروک کے خلاف باکسر عامر خان کے یورین سیمپل لیا گیا تھا جس میں اوسٹارین دوا کے مثبت نمونے پائے گئے تاہم باکسر یہ میچ ہارگئے تھے۔
اوسٹارین دوا کھلاڑی طاقت میں اضافے کیلیے استعمال کرتے ہیں جو ورلڈ اینٹی ڈوپنگ ایجنسی کی ممنوعہ فہرست میں شامل ہے۔
38 سالہ باکسر عامر خان نے اعتراف کیا تھا کہ دوا کا استعمال “غیر ارادی” تھا اس لیے کیس آزاد ٹریبونل کو بھیج دیا گیا۔ 6 اپریل 2022 کو باکسر پرعارضی پابندی عائد کی گئی تھی تاہم اب پابندی 5 اپریل 2024 تک برقرار رہے گی۔