اسلام آباد(امت نیوز)وفاقی حکومت نے سابق وزیراعظم ذوالفقارعلی بھٹو کی سزا سے متعلق عدالتی ریفرنس کی جلد سماعت کے لیے سپریم کورٹ کو خط لکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اسپیکر راجا پرویز اشرف کی زیر صدارت قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کا کہنا سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد اب وزیراعظم کی ہدایت پر لیگل ٹیم بیٹھ کر آئندہ کے حوالے سے فیصلے کرے گی، انصاف کے ان بنیادی اصولوں کی نفی ہوئی ہے جن میں کہا جاتا ہےکہ صرف انصاف ہونا نہیں چاہیے بلکہ انصاف ہوتا نظر بھی آنا چاہیے۔
سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا آج 4 اپریل ہے اور ذوالفقار بھٹو کے "عدالتی قتل” کا ایک ریفرنس 12 سال سے سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہے، کابینہ نے فیصلہ کیا ہے کہ حکومت اس ریفرنس کی جلد سماعت کے لیے سپریم کورٹ کو خط لکھے گی، شاید اسی بہانے ہماری ساری سپریم کورٹ اکھٹی بیٹھ کر آئینی و قانونی غلطیوں کو درست کرے۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے بھی قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ 4 اپریل کے روز ذوالفقار علی بھٹو کا "عدالتی قتل” ہوا، بھٹو صاحب کے قتل پر صدارتی ریفرنس 12 سال سے عدالت میں پڑا ہوا ہے، آج ایک بار پھر 4 اپریل کو عدل و انصاف کا قتل ہوا جو قابل مذمت ہے۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں وزیر مواصلات مولانا اسعد محمود نے ذوالفقار علی بھٹو کے ایثال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی بھی کروائی