لندن: وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار نے ٹی وی چینل کے خلاف لندن میں ہتکِ عزت کا مقدمہ جیت لیا۔
پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب کے جھوٹے الزامات پر چینل نے اسحاق ڈار سے معافی مانگ لی اور تسلیم کیا کہ اسحاق ڈار ایمان دار اور بہترین ساکھ والے انسان ہیں۔
چینل نے اظہارِ ندامت کرتے ہوئے عدالتی کارروائی شروع ہونے کے بعد اسحاق ڈار سے تصفیہ کر لیا۔
مذکورہ ٹی وی چینل پر فرخ حبیب نے اسحاق ڈار کی 2022ء میں وطن واپسی سے قبل منی لانڈرنگ، مجرمانہ سرگرمیوں، جعلی اکاؤنٹس کھولنے اور شاہد خاقان عباسی کے طیارے میں فرار کے الزامات لگائے۔
الزامات 25 اور 26 ستمبر 2022ء کو برطانیہ میں چینل اور اس کے یو ٹیوب چینل پر نشر ہوئے۔
فرخ حبیب نے الزام میں کہا کہ اسحاق ڈار مسلم لیگ کی حکومت کے دوران جمع کی گئی رقم اکٹھی کرنے آ رہے ہیں اور نواز شریف سے مل کر رقم منی لانڈرنگ کے ذریعے واپس لے آئیں گے۔فرخ حبیب نے یہ الزام بھی لگایا تھا کہ اسحاق ڈار جعلی اکاؤئنٹس کھولنے کے ماہر ہیں۔
چینل نے اسحاق ڈار سے معافی مانگتے ہوئے ان الزامات کو کبھی نہ دہرانے کی یقین دہانی کرائی اور برطانیہ میں اپنی نشریات میں معافی نامہ بھی چلایا۔
اسحاق ڈارنے معافی قبول کرتے ہوئے کہا کہ وہ کبھی بدعنوانی یا غیر قانونی سرگرمی میں ملوث نہیں ہوئے۔