سعودی عرب سے2ارب ڈالرکی فنڈنگ کا گرین سگنل مل گیا

اسلام آباد(امت نیوز)حکومت پاکستان کی جانب سے آئی ایم ایف کے ساتھ اسٹاف سطح کے معاہدے اور  قرضہ پروگرام کو  ٹریک پر لانے کیلیے دوست ممالک سے تین ارب ڈالر کی فنانسنگ کے حصول میں اہم پیشرفت ہوئی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق  سعودی عرب نے پاکستان کو دو ارب ڈالرکی فنڈنگ کا گرین سگنل دے دیا  ہے۔ جبکہ وزیرخزانہ 10 اپریل کو امریکا جانے سے پہلے یو اے ای کی اعلیٰ قیادت سے بھی رابطہ کریں گے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ آئی ایم ایف شرح سود میں مہنگائی کے حساب سے مزید اضافے کے مطالبے پر قائم اور  سالانہ 900 ارب روپے کی سبسڈی پر تاحال معترض ہے۔  آئی ایم ایف پیٹرولیم لیوی کی مد میں 850 ارب روپے جمع کرنے کے مطالبے پر بھی قائم ہے۔

وزارت خزانہ ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف پٹرول اور ڈیزل کی امپورٹ کم کرنے کا مطالبہ کررہا ہے  جبکہ عالمی مالیاتی ادارے کی جانب سے پٹرولیم لیوی اورٹیکسز کا شارٹ فال پورا کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔