اراضی پر قبضہ،اعجاز خان جازی اوران کےساتھیوں کیخلاف مقدمہ درج

راولپنڈی (اسٹا ف رپورٹر) پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما سابق ایم پی اے اعجاز خان جازی اور ان کے ساتھوں کیخلاف اراضی پر قبضہ کرنے کی کوشش اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے پر پولیس نے مقدمہ درج کر لیا،تھانہ ٹیکسلا پولیس کو مکمل بادشاہ نامی شخص نے مقدمہ درج کرواتے ہوئے بتایا کہ ہماری کمپنی فیصل ٹاؤن پرائیوٹ لمیٹڈ نے اپنی سکیم فیصل ہلز کمپنی کی ملکیتی اراضی پر آر ڈی اے راولپنڈی اور ضلع کونسل راولپنڈی سے منظور شدہ پروجیکٹ فیصل جیولرز کے نام سے شروع کررکھا ہے، میں ہمراہ جنید خان، فہیم خان سائیٹ پر موجود تھے کہ اسی اثناء تقریبا آٹھ سے دس اشخاص بامسلح کلاشنکوف آگئے اور آتے ہی سب نے ہم پر اور پروجیکٹ پر کام کرنے والی لیبر پر رائفلیں سیدھی تان کر باآواز للکارا مارا کہ ہمیں عابد علی، ارسلان علی، ماجد علی اور پی ٹی آئی کے سابقہ ایم پی اے ا عجاز خان جازی نے بھیجا ہے۔ لہذا فوری طور پر کام بند کرو ورنہ ان کی طرف سے حکم ہے کہ اگر کام بند نہ کریں تو سب کو جان سے ماردو ان کی وحشت اور جان سے مارنے کی دھمکیوں سے تمام لیبر میں خوف و ہراس پھیل گیا، جس پر جمیل نے ریسکیو 15 پر کال کی توکچھ دیر بعد پولیس کی گاڑی کو آتے دیکھ کر یہ تمام بامسلح اشخاص اسلحہ لہراتے جان سے مارنے کی دھمکیاں دیتے ہوئے اور فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے، پولیس نے مقدمہ درج کر لیا،