جامعہ کراچی اورمصرسائنسی وتکنیکی تعاون کو مزید فروغ دینگے

کراچی(اسٹاف رپورٹر) بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی اورمصر کے تحقیقی ادارے نیشنل ریسرچ سینٹر (این آر سی)قاہرہ کے درمیان سائنسی وتکنیکی عنوان سےایک معاہدے پر دستخط ہوئے ہیں، جس کا مقصد دونوں ممالک کے اداروں کے درمیان سائنسی وتکنیکی تعاون کو مزید فروغ دینا ہے۔

آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے ترجمان کے مطابق آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے سربراہ اور کامسٹیک کے کوارڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے حال ہی میں بین الاقوامی مرکز جامعہ کراچی میں منعقدہ ایک تقریب میں اس معاہدے پر دستخط کیے ہیں جبکہ نیشنل ریسرچ سینٹر، قاہرہ کے صدر پروفیسرڈاکٹرحسین دَرویش نے اپنے ادارے کی جانب سے معاہدے پر دستخط کیے۔

پروفیسر اقبال چوہدری نے اپنے خطاب میں کہاکہ کیمیائی، حیاتیاتی اور بائیو میڈیکل شعبہ جات میں آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی ترقی پذیر دنیا کا جدید آلات سے آراستہ نمایاں تحقیقی ادارہ ہے۔ پروفیسرحسین دَرویش نے اپنے خطاب میں کہا کہ نیشنل ریسرچ سینٹر مشرقی وسطیٰ کاسب سے پہلااور سب سے بڑاکثیر الشعبہ تحقیقی ادارہ ہے، یہ ایک خود مختار سرکاری ادارہ ہے جو1956ء میں وجود میں آیا۔ واضح رہے کہ اس معاہدے پر دستخط کے بعد دونوں ادارے اسی سال2023ء میں ایک مفاہمت کی یاد داشت پر بھی دستخط کریں گے جس کے تحت دونوں ممالک کے تحقیقی اداروں کے درمیان سائینسی وتیکنیکی عنوان سے تعاون کو مزید فروغ دیاجائے گا۔