بھارت: شادی سے انکار،لڑکے نے محبوبہ کے گھربم بھیج دیا، دولہا ہلاک

بھارت (نیٹ نیوز) بھارتی ریاست چھتیس گڑھ کے ضلع کبیر دھام میں انتہائی غیر معمولی واقعہ پیش آیا، نوجوان عاشق نے اپنی محبوبہ سے شادی نہ کرنے کا بدلہ لینے کے لیے انوکھا قدم اٹھا لیا۔

انڈین میڈیا رپورٹ کے مطابق سرجو نامی نوجوان نے اپنی محبوبہ سے بدلہ لینے کیلئے اس کو شادی کے موقع پر بطور تحفہ قیمتی ہوم تھیٹر بھیجا جس کے اندر اس نے بم چھپا رکھا تھا جیسے ہی دولہے کی طرف سے میوزک سسٹم کو چلانے کیلئے بجلی کے ساتھ لگایا گیا تو زور دار دھماکا ہوا۔

دھماکے کے نتیجے میں دولہا موقع پر ہی ہلاک ہو گیا جب کہ اس کا بھائی بھی زخمی ہوا جو دورانِ علاج اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا اس واقع میں 4 افراد مزید زخمی ہوئے جن میں اٹھارہ ماہ کا بچہ بھی شامل ہے۔

پولیس کے مطابق دھماکہ اس قدر شدید نوعیت کا تھا کہ گھر کی دیواریں اور چھت گر گئی۔ واقعے کے بعد ملزم سرجو کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ ابتدائی تفتیش میں ہی ملزم نے اپنے جرم کا اعتراف کرلیا ہے۔

پولیس کے مطابق 33 سالہ سرجو کا 29 سالہ لڑکی کے ساتھ افیئر تھا، سرجو شادی شدہ تھا مگر وہ اس لڑکی کو اپنی دوسری بیوی بنانے کے لیے اصرار کررہا تھا لیکن لڑکی کے گھر والے اس شادی کے لیے رضا مند نہیں ہوئے اور انہوں نے اس لڑکی کی شادی کہیں اور طے کردی جس کا سرجو کو غصہ تھا اور اس نے انتقام لینے کے لیے یہ قدم اٹھایا۔