اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں منظورکرلیں اورمقدمات میں 18 اپریل تک ضمانت میں توسیع کردی ۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں 8 مقدمات میں حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پر سماعت ہوئی ،چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے سماعت کی ۔
عدالت نے استفسار کیا کہ کیا عمران خان ابھی لاہور میں ہیں؟وکیل عمران خان نے کہاکہ ابھی عمران خان لاہور میں ہیں،چیف جسٹس ہائیکورٹ نے کہاکہ امریکا کے سابق صدر تو عدالت پیش ہوئے اور فردجرم کا سامنا کیا۔
وکیل عمران خان نے کہاکہ اس بحث میں نہیں جانا چاہتا فلڈ گیٹ کھل جائے گا،وکیل عمران خان نے کہاکہ 140 کیسزکس پر ہوتے ہیں؟عید کے بعد کی ایک تاریخ دیں، عمران خان آئیں گے،عدالت نے کہاکہ تاریخ میں توسیع کا مسئلہ نہیں، ڈر یہ ہے کہ یہ نظیر نہ بن جائے، عدالت نے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے عمران خان کی 8 مقدمات میں 18 اپریل تک ضمانت میں توسیع کر دی ۔