بلدیہ کورنگی کے افسران تزئین وآرائش کے نام پر 60 لاکھ ہڑپ کرگئے

کراچی(رپورٹ:محمد نعمان اشرف) بلدیہ کورنگی پارکوں کی تزئین وآرائش کے نام پر جاری ہونے والی رقم افسران نے ہڑپ کرلی ۔میونسپل کمشنر کورنگی کی اجازت کے بعد 60لاکھ روپے سے زائد کی رقم جاری کی گئی جو کرپشن کی نذر ہوگئی ہے۔بلدیہ کورنگی کے متعدد پارکس تاحال کھنڈرات کا منظر پیش کررہے ہیں۔تفصیلات کے مطابق بلدیہ کورنگی پارکوں کی تزین و اراش کے لیئے لاکھوں روپے کی رقم ڈائریکٹر پارکس کورنگی وقاص سومرو کی نگرانی میں ٹھکانے لگادی گئی ہے ،اس سے قبل بھی جعلی فائلوں کی مد میں کروڑوں روپے کی رقم ٹھکانے لگائی جاچکی ہے ،اہم ذرائع نے بتایا کہ بلدیہ کورنگی میں پارکوں کی تزین و اراش کے نام پر 60لاکھ روپے سے زائد کی رقم جاری کی گئی ہے ،مذکورہ رقم 3ہفتے قبل جاری کی گئی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ میونسپل کمشنر کورنگی اشفاق ملا کو بتایا گیا کہ شب بارات سے قبل بلدیہ کورنگی کے پارکوں میں بہتری کے لیئے اقدامات کروائے گئے ہیں ،کچھ پارکوں میں ٹوٹی ہوئی بینچوں کو بہتر بنایا گیا ،بعض پارکوں میں لائٹس خراب تھی جن کی مرمت کروائی گئی ،کورنگی کے پارکوں میں پھلوں کی نمائش بھی کروائی گئی ہے جس میں لاکھوں روپے کا خرچہ کیا گیا ہے ،میونسپل کمشنر اشفاق ملا کو جو بل پیش کیا گیا اس کی رقم 60 لاکھ روپے سے زائد کی تھی جو 3ہفتے قبل منظور ہوگیا ہے ،ذرائع کا کہنا ہے کہ شب بارات سے قبل کسی بھی پارک میں کوئی بہتری نہیں کی گئی ہے ،جن پارکوں کا ذکر میونسپل کمشنر کو کیا گیا اس میں بیشتر پارکوں پر قبضہٰ ہوچکا ہے جبکہ متعدد پارکس کھنڈرات کا منظر پیش کررہے ہیں ۔

زمان ٹاؤن کے پارکوں پر بھی قبضہٰ کرکے مکان و دیگر تجاوزات قائم کردی گئی ،کورنگی ساڑھے تین نمبر کے فیملی پارکس بھی تباہ ہوگئے ہیں ،پارکس میں لگے لوہے کے دروازے اور جعلیاں نشے کے عادی افراد نے فروخت کردی ہیں ،کورنگی 4اور5 نمبر کے پارکس پر بھی تجاوزات قائم کردی گئی ہیں ،ذرائع نے بتایا کہ اس سے قبل سابق ایڈمنسٹریٹر کورنگی جاوید الرحمان کلوڑ کے دور میں بھی جعلی فائلوں کی مد میں کروڑوں روپے کی رقم نکو ائی گئی جو کرپشن کی نظر ہوگئی ہے ،مذکورہ رقم بھی انہیں پارکوں کے نام پر نکلوائی گئی تھی جو قبضہٰ اور تباہ حالی کا شکار ہیں ۔

امت نے موقف کے لیئے ڈائریکٹر پارکس بلدیہ کورنگی وقاص سومرو سے رابطہ کیا تو انہوں نے کہا کہ مجھے معلوم نہیں ہے اس رقم کی تفصیل اکاؤنٹ سے حاصل کرے،چیف اکاؤنٹ افسر زوہیب شاہ سے رابطہ کیا تو انہوں نے تفصیلات دینے سے گریز کیا۔