اسلا آباد : تحریک انصاف کے رہنما علی امین گنڈا پور کیخلاف اسلام آباد میں دہشتگری اورغداری دفعات کے تحت ایک اور مقدمہ درج کرلیا گیا۔
مقدمہ تھانہ گولڑہ اسلام آباد میں درج کیاگیا ہے،مقدمہ میں علی امین گنڈہ پور اور ان کے ساتھی اسد خان بھی شامل کیے گئے ہیں،اسلحہ کی ترسیل اور اس حوالے سے ٹیلی فون کال سامنے آنے پر مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کےمتن کے مطابق ملزموں کی نجی چینل پر آڈیو نشر ہوئی ،ملزمان نے اسلام آباد کی نجی سوسائٹی میں اسلحے اور بندے جمع کرنے کا کہا ،ملزموں نے آڈیو میں کہا کہ اگر عمران خان کو گرفتار کیا گیا تو پورے اسلام آباد پر قبضہ کر لیں گے .
علی امین گنڈاپور جوڈیشل ریمانڈ پر جیل روانہ
دوسری جانب جوڈیشل مجسٹریٹ نے پی ٹی آئی رہنما علی امین گنڈاپور کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔
پی ٹی آئی رہنما علی امین گنڈاپورکے خلاف اشتعال انگیز تقریر پر مقدمہ درج کیا گیا تھا، پولیس نے علی امین گنڈاپور کو دو مختلف مقدمات میں جوڈیشل کمپلیکس کی عدالت میں پیش کیا جہاں پنجاب پولیس اور اسلام آباد پولیس نے ملزم کی حوالگی کی استدعا کی۔
عدالت نے بھکر اور اسلام آباد پولیس کی استدعا مسترد کرتے ہوئے علی امین گنڈا پور کو 6 روزکے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔
عدالت نے پی ٹی آئی رہنما کے خلاف ڈیرہ اسماعیل خان میں درج دونوں مقدمات کو خارج کردیا۔