بیساکھی تقریبات، سکھ یاتریوں کو ویزے جاری

لاہور(اُمت نیوز) پاکستان نے بیساکھی کی تقریبات کیلیے سکھ یاتریوں کو ویزے جاری کردیئے۔
نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن نے 2,856 بھارتی سکھ یاتریوں کو ویزے جاری کیے ۔ سکھ یاتریوں کو 9 سے 18 اپریل تک کے لیے ویزے جاری کیے گئے ہیں۔ بھارتی یاتری اتوار کو واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان پہنچیں گے جہاں سے انہیں خصوصی ٹرین کے ذریعے حسن ابدال روانہ کیا جائے گا۔
دورے کے دوران زائرین ڈیرہ صاحب، پنجہ صاحب، ننکانہ صاحب اور کرتارپور صاحب جائیں گے۔ بیساکھی اور خالصہ جنم دن کی مرکزی تقریب 14 اپریل کو گوردوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال میں ہوگی۔
بیساکھی میلے کے لیے ویزوں کا اجرا 1974 کے مذہبی مقامات کے دورے پر پاک بھارت پروٹوکول کے فریم ورک کے تحت کیا گیا ہے۔ ہر سال بھارت سے سکھ یاتریوں کی بڑی تعداد مختلف مذہبی تہواروں اور تقریبات میں شرکت کے لیے پاکستان کا دورہ کرتی ہے۔