پشاور(امت نیوز)خیبرپختونخوا کی نگراں حکومت کی جانب سے برطرف کیے جانے والے سوشل میڈیا انفلوئنسرزکی بحالی کیلئے پی ٹی آئی نے سپریم کورٹ میں پیٹیشن دائر کرنے کا اعلان کردیا۔
پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے سیکرٹری اطلاعات شوکت یوسفزئی نے ویڈیو بیان میں کہا کہ خیبرپختونخوا کی نگراں حکومت نے سابقہ دور میں بھرتی سوشل میڈیا انفلوئنسرز کو فارغ کرکے ان کی تنخواہیں روک دی ہیں، حکومت کا کہنا ہے سوشل میڈیا انفلوئنسرز وسائل کا ضیاع ہے، انہیں پتا ہونا چاہیے کہ یہ اے ڈی پی اسکیم تھی اور پی این ڈی نے اسکی منظوری دی تھی
شوکت یوسفزئی کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا انفلوئنسرز کا مقصد حکومتی اقدامات سے متعلق عوام کو آگاہی فراہم کرنا تھی، حکومتی تشہیر کیلئے یہ اے ڈی پی اسکیم تھی جس میں میرٹ کو مدنظر رکھتے ہوئے تعلیم یافتہ نوجوانوں کو بھرتی گیا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کی نسبت انفلوئنسرز کے ذریعے حکومتی تشہیر کم قیمت پر ہوتی تھی، نگراں حکومت کو پالیسی میں تبدیلی کرنے کا کوئی اختیار نہیں لہٰذا وقت سے پہلے انفلوئنسرز کو فارغ کرنے کی مذمت کرتا ہوں، انفلوئنسرز میں میرٹ پر پورا اترنے والے تمام پارٹیوں کے لوگ شامل تھے۔