فائل فوٹو
فائل فوٹو

کچے کے علاقے میں گرینڈ آپریشن ، ڈاکوؤں کا آئی جی پنجاب کے قافلے پرحملہ

رحیم یار خان : رحیم یار خان کے کچے کے علاقے میں پولیس نے گرینڈ آپریشن شروع کردیا،پولیس ٹیموں اور ڈاکوﺅں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔

کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں نے آئی جی پنجاب عثمان انور کے قافلے پر بھاری ہتھیاروں سے حملہ کر دیا جس میں وہ بال بال بچ گئے۔

ڈاکووں نے پولیس کی بکتر بند گاڑیوں کو جدید اسلحے سے نشانہ بنایا تاہم آئی جی پنجاب محفوظ رہے۔ ڈی پی او کے مطابق ڈاکوؤں کے پاس بھاری ہتھیار موجود ہیں۔

دوسری جانب کچے میں ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن کے آغاز پر ہی پولیس پر فائرنگ کے نتیجے میں ہیڈ کانسٹیبل زخمی ہو گیا بکتر بند گاڑی کو شدید نقصان پہنچا۔

نیشنل سکیورٹی کونسل کے حکم پر شروع ہونے والے آپریشن کی قیادت ڈاکٹر عثمان انور کر رہے ہیں ،پولیس ٹیموں اور ڈاکوﺅں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔

پنجاب پولیس کاکہناہے کہ کچہ آپریشن میں جدید اسلحہ اور بکتر بند گاڑیاں بھی استعمال کی جائیں گی، آئی جی پنجاب نے کہاکہ پنجاب سے 2 ہزار جوانوں پر مشتمل نفری بھجوائی گئی ہے جبکہ مجموعی طور پر 11 ہزار جوان آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں ۔