پشاور(امت نیوز)خیبرپختونخوا میں امن دشمنوں کے خلاف کارروائی کے دوران ایک اور جوان مادر وطن پر قربان ہو گیا، مختلف کارروائیوں میں دو دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری بیان کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک میں سکیورٹی فورسز نے خفیہ معلومات پر آپریشن کیا۔
اس دوران سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کو گھیرے میں لے لیا، جس کے باعث دہشت گردوں اور سکیورٹی فورسز کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ اس دوران ایک دہشت گرد کو جہنم واصل کر دیا جبکہ ہلاک دہشت گرد سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع جنوبی وزیرستان کے علاقے کرامہ میں سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، اس کارروائی میں مزید ایک دہشت گرد کو جہنم واصل کر دیا گیا۔
بیان کے مطابق اس فائرنگ کے تبادلے کے دوران نائیک فضل جنان شہادت کے رتبہ پر فائز ہو گیا، شہید ہونے والے نائیک کی عمر 32 سال تھی اور وہ ہنگو کا رہائشی تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں، ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔