امتحانات میں شرکت کیلئے انٹربورڈ کراچی کے طلباکوایک اور موقع

کراچی (اسٹاف رپورٹر) اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر سعید الدین کی ہدایت پر 2008ء سے 2022ء کے درمیان امتحانات میں شرکت کا آخری موقع ختم ہونے والے امیدواروں کو امتحانات میں شرکت کیلئے خصوصی موقع دیتے ہوئے امتحانی فارم جمع کرانے کی نئی تاریخوں کا اعلان کردیا ہے۔

خصوصی موقع سے فائدہ اٹھانے کے اہل امیدوار امتحانی فارم اور ضروری دستاویزات 17گریڈ کے گورنمنٹ افسر سے تصدیق کے بعد بروز پیر 10 اپریل سے بروز بدھ 10مئی 2023 ء تک 6 ہزار روپے امتحانی فیس کے ساتھ انٹربورڈ آفس کی لائبریری میں واقع یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ کے بوتھ میں جمع کراسکتے ہیں۔

اس کے علاوہ طلباء انٹربورڈ کی سہولت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے امتحانی فارم کی فیس کراچی میں یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ کی کسی بھی برانچ میں اکاؤنٹ نمبر UBL-CMA-252536591 میں جمع کراسکتے ہیں

امتحانی فارم اورجمع کرائی گئی فیس کا واؤچر اسی روز انٹربورڈ کے متعلق سیکشن میں جمع کرانے کے پابند ہوں گے۔ طلبا امتحانی فارم، اسپیشل چانس کا پروفارما اور فیس واؤچر بورڈ کی آفیشل ویب سائٹ www.biek.edu.pk سے بھی ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں۔

انٹربورڈ نے تمام امیدواروں کو ہدایت کی ہے کہ امتحانی فارمز کے ساتھ پروفارما آف آئی ٹی سیکشن، انٹرمیڈیٹ کی اوریجنل مارکس شیٹ، جس سال آخری موقع ختم ہوا اس کے ایڈمٹ کارڈ کی فوٹوکاپی، انرولمنٹ،رجسٹریشن کارڈ کی فوٹوکاپی، میٹرک کے سرٹیفکیٹ اور مارکس شیٹ کی فوٹوکاپی لگانا ضروری ہے۔