10کلوآٹے کے پیچھے 20 جانیں چلی گئیں، سراج الحق

لاہور(امت نیوز)امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نےکہاہے کہ ملکی معیشت ڈوب چکی، 10 کلو آٹے کے پیچھے 20 قیمتی جانیں ضائع ہوگئیں

منصورہ لاہور میں تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو میں سراج الحق نے کہا کہ سیاسی جماعتیں مذاکرات کے لیے ایک میز پر نہ بیٹھیں تو 1977ء کی طرح مارشل لاء آسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں بےیقینی اور خوف ہے، سیاسی جماعتیں پورے ملک میں ایک ہی دن الیکشن پر اتفاق کر لیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم نے ایک سال میں عوام کو کیا دیا؟ ایک سال پہلے رات کو عدالتیں لگانے پر خوش تھے، اب انہی سے ناراض ہیں۔

امیر جماعت اسلامی نے یہ بھی کہا کہ ادارے اور جج ایک دوسرے کے خلاف فریق بن گئے، سیاسی جماعتوں نے حل نہ سوچا تو بحران مزید گھمبیر ہو جائے گا