اورنگی پروجیکٹ کی اراضی پر 2مزید شادی ہالز تعمیر

کراچی(اسٹاف رپورٹر) اورنگی پروجیکٹ کی اراضی پرگلشن بہارسیکٹر 16 میں مزید 2 شادی ہالز تعمیر کردیئے گئے ہیں ،ریذیڈیشنل پلاٹس پرافشاں پیلس اور تارا پیلس متعلقہ اداروں کی اجازت کے بعد تعمیر کیئے گئے ہیں ،ریذیڈیشنل پلاٹس پر شادی ہالز تعمیر کے ایم سی اور متعلقہ اداروں نے لاکھوں روپے رشوت وصول کی۔تفصیلات کے مطابق اورنگی پائلٹ پروجیکٹ کی اراضی گلشن بہار سیکٹر 16 ون ایچ اسٹاپ کے پاس ریذیڈینشل پلاٹس پر آل دستگیر بینکویٹ اور ویلکم بینکویٹ کے بعد سیکٹر 16 گلشن بہار غوثیہ چوک پر تارا پیلس اور آل حبیب شاپنگ سینٹر کے اوپر افشاں پیلس تعمیر کردیئے گئے ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ مذکورہ شادی ہالز متحدہ کے دور نظامت میں تعمیر کیئے گئے تھے۔ اس سے قبل سیکٹر 16 ون ایچ اسٹاپ کے پاس بھی متحدہ دور میں غیر قانونی شادی ہالز تعمیر کیئے گئے ،افشاں پیلس شاپنگ سینٹر کے اوپر تعمیر کیا گیا ہے جس کی عمارت پہلے ہی خستہ حال ہے جس پر افشاں پیلس 300سے 400گز کے پلاٹ پر تعمیر کیا گیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ مذکورہ شادی ہال تعمیر کی اجازت سابق پی ڈی اورنگی اور دیگر متعلقہ اداروں نے دی تھی جو اورنگی پروجیکٹ کی اراضی پر تعمیر ہے ،اسی طرح غوثیہ چو ک سیکٹر 16 گلشن بہار میں تارا پیلس تعمیر کیا گیا ہے ،تارا پیلس بھی 400گز پر تعمیر کیا گیا ہے جو اوپر ی منزل پر بھی بنا ہوا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں شادی ہالز اورنگی پروجیکٹ کی اراضی پر قبضہ کرکے بنائے گئے ہیں ،شادی ہالز تعمیر سے قبل کے ایم سی اور دیگر متعلقہ اداروں نے لاکھوں روپے رشوت وصول کی جس کے بعد انہیں شادی ہالز تعمیر کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔ اس حوالے سے امت کو اورنگی پروجیکٹ کی سینئر ڈائریکٹر نے نام نہ ظاہر کرنے پر بتایا کہ اورنگی پروجیکٹ کی اراضی پر سب سے زیادہ قبضہ متحدہ دور میں کیا گیا ہے ،یہ پلاٹس غریبوں کے لیئے رکھے گئے تھے جن پر غیر قانونی شاپنگ سینٹر اور شادی ہالز تعمیر کردیئے گئے۔اسی طرح گلشن بہار کے کھیلوں کے میدان اور پارکوں پر بھی قبضہ کرکے بڑی بڑی عمارتیں تعمیر کی گئی ہیں جن کے خلاف اب آپریشن تیز کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ امت کی نشاندہی پر اورنگی پروجیکٹ کی اراضی پہلے بھی واگزار کروائی گئی ہے یہ بھی اراضی واگزار کرالی جائے گی۔خبر پر موقف کے لیئے تارا پیلس سے 03312411157پر رابطہ کیا گیا اور آفشاں پیلس کے محمود اسلم سے 03452302624 پر رابطہ کیا گیا تاہم دونوں شادی ہالز سے بات سننے کے بعد موقف دینے سے گریز کیا۔