اسلام آباد: سینیٹ میں ملک بھر میں ایک ہی روز انتخابات سے متعلق قرارداد متفقہ طور پر منظورکرلی گئی۔
پی ٹی آئی کے سینیٹرز پہلے ہی واک آؤٹ کر گئے تھے، اپوزیشن کی کرسی پرسینیٹر مشتاق احمد موجود رہے، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا کہ سینیٹر مشتاق احمد نے بھی بل کی مخالفت نہیں کی۔
چیئرمین صادق سنجرانی کی زیرصدارت سینیٹ کا اجلاس ہوا، حکومتی اتحادی سینیٹر طاہر بزنجو نے ملک بھر میں ایک ہی روز انتخابات کرانے کی قراردادپیش کی،قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ ملک میں معاشی استحکام کیلیے سیاسی استحکام ضروری ہے،تمام انتخابات بیک وقت ہونے ضروری ہیں،صر ف پنجاب میں الیکشن کرانے سے دیگر چھوٹے صوبوں پر منفی اثرات مرتب ہونگے۔
سینیٹر طاہر بزنجو کی ملک بھر میں ایک ہی روز انتخابات سے متعلق قرارداد متفقہ طور پر منظورکرلی گئی،پی ٹی آئی کے سینیٹرز پہلے واک آﺅٹ کر گئے تھے ۔
دوسری جانب سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کارخانہ جات ترمیمی بل 2023 پیش کیا جس پر وزیر مملکت شہادت اعوان نے کہا میری درخواست ہے بل پرنظرثانی کی جائے، ثمینہ ممتاز زہری نے کہا اس بل میں میری تین ترامیم شامل ہیں، مزدوروں کو ہیلتھ اور سیفٹی مہیا کرنا ضروری ہے۔
بعدازاں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے ثمینہ ممتاز زہری اور شہادت اعوان کو مشاورت کی ہدایت کر دی۔