پولیس کی نفری واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد جائے وقوعہ پر پہنچ گئی
پولیس کی نفری واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد جائے وقوعہ پر پہنچ گئی

رحیم یارخان ، بچوں کے اغوا میں ملوث 4 ملزمان ہلاک

رحیم یارخان : پولیس مقابلے کے دوران 2 مبینہ اغوا کاروں سمیت 4 ملزمان ہلاک ہوگئے،ملزمان نے ڈاکٹر کے دو بچوں کواغوا کیاتھا۔

ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ تھانہ احمد پور لمہ اور تھانہ کوٹسبزل پولیس کا مسلح ملزمان سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں 4 ملزمان ہلاک،2 فرار ہوگئے جبکہ ایس ایچ اوز نوید نواز واہلہ اور سیف اللہ ملہی نے بھاری نفری کے ہمراہ مخبروں کی اطلاعات پر ملزمان کی گرفتاری کے لیے اے ایس پی شاہزیب چاچڑ کی نگرانی میں ہائی الرٹ ناکہ بندی کر رکھی تھی۔

ترجمان نے بتایا کہ ناکہ بندی پر موجود پولیس نے مشکوک کار کو روکنے کی کوشش کی، تو ملزمان نے فرار ہونے کی کوشش میں ناکہ توڑتے ہوئے اسپیڈ بڑھا دی اور پولیس کے گھیراؤ اور تعاقب پر ملزمان نے کار چھوڑ کر پولیس پر فائرنگ کردی۔

ترجمان پولیس کے مطابق پولیس اور ملزمان کے فائرنگ کے تبادلہ کے دوران چار ملزمان اپنے ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آکر ہلاک ہوگئے، جن کی شناخت عثمان، حسیب، جنید اور راحیل کے ناموں سے ہو گئی اوران کے زیر استعمال اسلحہ ایک عدد کلاشنکوف اور تین پسٹل تیس بور بھی برآمد ہوئے۔