اسلام آباد: چیف الیکشن کمشنر نے اسپیکر قومی اسمبلی سے شکایتی خط میں کہا ہے کہ انتخابات کیلیے موزوں وقت کا انتخاب الیکشن کمیشن کا اختیار ہے، سپریم کورٹ کے فیصلے سے کمیشن کے اختیار پر حرف آتا ہے۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا نے اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف کو خط لکھ دیاہے، جس میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کے یکم مارچ کے فیصلہ سے تنازع پیدا ہوا ہے۔
چیف الیکشن کمشنر کے خط میں کہا گیا ہے کہ آئین کے مطابق الیکشن کمیشن ایک آزاد اورخودمختار ادارہ ہے، منصفانہ اور شفاف انتخابات کا انعقاد الیکشن کمیشن کا کام ہے۔
خط میں مؤقف پیش کیا گیا ہے کہ سپریم کورٹ نے کہا 90 روزمیں انتخابات آئینی تقاضا ہے، کسی مخصوص شق نہیں آئین کو مجموعی طور پر دیکھا جانا چاہیے، آئین کے آرٹیکل 218(3) کو پورا وزن نہیں دیا گیا۔
خط میں شکایت کی گئی ہے کہ انتخابات کیلئے موزوں وقت کا انتخاب الیکشن کمیشن کا اختیار ہے، سپریم کورٹ کے فیصلے سے کمیشن کے اختیار پر حرف آتا ہے۔