اسلام آباد:سابق صدر آصف علی زرداری نے وزیر اعظم شہباز شریف کو اپوزیشن سے مذکرات کا مشورہ دیدیا۔
سابق صدر نے کہاکہ شہبازشریف سے درخواست کروں گا اپوزیشن سے مذاکرات کریں، مذاکرات میں آنے سے قبل شرائط نہ رکھی جائیں،اپوزیشن کو مذاکرات کیلیے شہبازشریف کے پاس آنا ہوگاکیونکہ وہ وزیراعظم ہیں لیکن مذاکرات سے پہلے کوئی شرائط نہ رکھی جائیں، ڈائیلاگ کی اتھارٹی وزیراعظم کے پاس ہے۔
آئین پاکستان کی گولڈن جوبلی تقریب میں اظہار خیال کرتے ہوئے سابق صدر آصف زرداری نے کہا کہ ہم نے جمہوریت بحال کی تھی، سیاست کے 35 سالہ سفر میں بہت سے نشیب وفراز دیکھے،بھٹو صاحب کو ڈی سیٹ کیاگیا،جو خواب ذوالفقار بھٹو اور دیگر قائدین نے دیکھا وہ پورا نہ ہوسکا۔
آصف زرداری کا کہنا تھا کہ 35 سالہ سیاسی تاریخ کا گواہ ہوں، میرے والد بھی اسی اسمبلی میں بیٹھے تھے، اور دستور پاکستان پر دستخط کیے تھے، لیکن ہمارے بزرگوں نے جو خواب دیکھا وہ پورا نہ ہوسکا۔
آصف زرداری کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان بنانے والوں میں سے ہیں، اور ہم ہی پاکستان بچائیں گے، ہم نے پاکستان کھپے کا نعرہ لگایا، آئین کو کچھ نہیں ہوا، کسی کو آئین سے کھلواڑ نہیں کرنے دیں گے، جاپان دیوالیہ ہوا، ارجنٹینا دیوالیہ ہوا لیکن آج وہ کہاں کھڑےہیں، دیوالیہ ہونے سے کچھ نہیں ہوگا، ایسی کوئی چیزنہیں جو پاکستان نہیں کرسکتا۔
سابق صدر آصف علی زرداری نے کہاکہ ہم پاکستان بنانے والوں میں سے ہیں،پاکستان کو بچانے کا فرض بھی ہم پر ہے، اللہ نے چاہا تو آئین کو کچھ نہیں ہوگااور نہ ہم ہونے دیں گے۔
سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ میں نے اپنے باتھ رومز سے ان کے کیمرے پکڑے اور میں گارڈ کو کان سے پکڑ کر باہر لایا۔ میری بہن کو رات کے 12 بجے اسپتال سے اٹھایا گیا، تب سوموٹو نہیں لیا گیا، میں کہاں کہاں بتاؤں کہ میں اس تاریخ کا شاہد ہوں لیکن بات سنی ان سنی ہو گئی۔
انہوں نے کہا کہ سوموٹو میرے خلاف ہوئے میں نے دیکھے ہیں، چیف جسٹس صاحب کہتے ہیں اس افسر کا نام نہیں لوں گا جس نے مجھے رپورٹ دی ہے، آپ کو حق نہیں پہنچتا کہ پرائیویٹ انفارمیشن لیں، ہمارے ہاتھ صاف تھے جو گواہ بنایا وہ تحویل میں فوت ہوا۔
آصف زرداری کا کہنا ہے کہ ہم پاکستان بنائیں گے، آج چین، روس اور ملائشیا اپنا آئی ایم ایف بنا رہے ہیں، بھارت تو روس سے تیل لیتا ہے اور ریفائن کرتا ہے، ایسی کوئی چیز نہیں کہ پاکستان نہیں کر سکتا، ہمیں وقت چاہیے۔
پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین نے کہا کہ وزیرِ اعظم ہی واحد اتھارٹی ہے ڈائیلاگ کرنے کے لیے، یہ پہلی دفعہ نہیں کہ کورٹ نے نوٹس دیا، مسعود شریف کو بھی نوٹس دیا گیا، پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ ایک ہی نعرہ مارا پاکستان کھپے، آج کا صدر خود مانتا ہے اگر میں کوئی دوسرا نعرہ لگاتا تو پاکستان نہ بچتا۔
ان کا کہنا ہے کہ پاکستان اور آئین کو بچاتے رہیں گے، جب تک دم میں دم ہے آئین اور ملک کو سنواریں گے، پاکستان اٹھے گا اور ہم اس کو اٹھائیں گے، این ایف سی ایوارڈ سب نے مل کر دیا۔
سابق صدر نے بتایا کہ بی بی (بے نظیر بھٹو) نے کہا کہ میں مشرف سے کیسے بات کروں، انہوں نے کہا کہ میراخاوند جیل میں ہے، پھر انہوں نے امریکا سے بات کی، اور پھر عالمی طاقتوں نے مشرف کو اقتدار سے نکالا۔
آصف زرداری نے کہاکہ سب سیاسی طاقتوں نے مل کر صوبوں کے حقوق کی بات کی،ہم نے کبھی مذہب کو سیاست کیلیے استعمال نہیں کیا،کچھ لوگ کہتے ہیں پاکستان دیوالیہ ہوا،انڈیا کے پاس ایک زمانے میں ایک بلین ڈالر ریزرو تھے،آج انڈیا کے پاس660 بلین ریزرو ہیں۔