ملک بھر میں لاکھوں افراد اعتکاف میں بیٹھ گئے

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ماہ صیام کا تیسرا عشرہ شروع ہوتے ہی لاکھوں فرزندان اسلام ملک بھر کی مساجد میں اعتکاف میں بیٹھ گئے۔

رمضان المبارک کی بابرکت گھڑیاں اور آخری عشرے میں خصوصی عبادات اور جہنم سے آزادی کی دعاؤں کے ساتھ شہر اقتدار کی چھوٹی بڑی مساجد میں لاکھوں فرندان اسلام اعتکاف کی سعادت حاصل کرنے مساجد میں پہنچ گئے۔

وفاقی دارالحکومت کی مرکزی فیصل مسجد میں بھی 450 کے قریب افراد اعتکاف کی سعادت حاصل کررہے ہیں۔ معتکفین کا کہنا ہے کہ اعتکاف کرنا ویسے ہی اجر کا کام ہے لیکن فیصل مسجد میں اعتکاف کرنا بڑی سعادت کی بات ہے۔ فیصل مسجد انتظامیہ کا کہنا ہے کہ رجسٹریشن کا عمل مکمل کرنے اورجانچ پڑتال کے بعد ساڑھے چار سو افراد کیلئے اعتکاف کیلئے انتظامات کیے گئے ہیں۔ تمام مساجد کی طرح فیصل مسجد میں بھی سیکورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔

دوسری طرف لاہور کی مشہور داتا دربار مسجد میں 1700 شہری اعتکاف میں بیٹھ گئے جبکہ منہاج القرآن میں 6000 افراد سنت اعتکاف کی سعادت حاصل کررہے ہیں۔ اور بادشاہی مسجد میں بھی 6000 شہری اعتکاف میں بیٹھ گئے۔

کراچی میں نیومیمن مسجد بولٹن مارکیٹ، جامع مسجد آرام باغ، جناح مسجد برنس روڈ، گلزار حبیب سولجربازار، فیضان مدینہ سبزی منڈی، تھانوی مسجد جیکب لائن، میمن مسجد مصلح الدین گارڈن، جامع مسجد امجدیہ عالمگیر روڈ، ایکسپو سینٹر، خالقدینا ہال، رحمانیہ مسجد طارق روڈ، مسجد بیت المکرم گلشن اقبال، جامعہ مسجد بنوری ٹاؤن، دارالعلوم کراچی، جامعی اسلامیہ کلفٹن، مسجد ابو بکر کلفٹن، سبیل والی مسجد سلطان مسجد ڈیفنس، مدنی مسجد عزیزآباد، فاروق اعظم مسجد نارتھ ناظم آباد، طوبی مسجد ڈیفنس، جامع مسجد کنزالایمان گرومندر، عالمگیر مسجد، جامع مسجد طیبیہ، سفید مسجد،جامع مسجد رحمت اللہ والا ٹاؤن، جامع مسجد طیبہ پی ای سی ایچ ایس، رحمانیہ مسجد طارق روڈ، جامع مسجد مکرانی، جامع مسجد کھتری، کھتری مسجد، فاران مسجد سمیت دیگرمساجد میں معتکفین کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں

خواتین کے لیے گھروں میں خصوصی تیاریاں کی گئی ہیں۔ اس موقع پر معتکفین اور مساجد کی سکیورٹی کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔

ماہ مقدس رمضان المبارک کے آخری عشرے میں مسلمان اعتکاف کی سعادت حاصل کرتے ہیں، اللہ تعالیٰ کی قربت اور لیلۃ القدر کی تلاش میں ملک بھر کےچھوٹے بڑے شہر،قصبوں ودیہات کی مساجد میں فرزندان توحید نے 20 رمضان المبارک کی شام مغرب کی نماز مسجد میں ادا کرتے ہوئے اعتکاف کا آغازکیا ہے اعتکاف بیس رمضان المبارک کو نماز عصر کے بعد سے شروع ہوکر عید الفطر کاچاند نظر آنے تک جاری رہتاہے۔اعتکاف کے دس دن معتکفین تلاوت قرآن پاک، ذکر و اذکار اور نوافل کی ادائیگی اور اللہ تعالیٰ کے حضور گناہوں سے بخشش کی دعائیں کریں گے۔اعتکاف میں بیٹھنے والوں کے لئے بعض مساجد کی انتظامیہ اور مخیر حضرات کی جانب سے سحری اور افطاری فراہم کرنے کے خصوصی انتظامات کئےگئے ہیں ،

عام طور پر معتکفین کی سحر و افطاری کا ذمہ ان کے اہلخانہ کا ہوتا ہے۔علاوہ ازیں دعوت اسلامی کے تحت فیضان مدینہ میں رمضان المبارک کے آخری عشرے کے علاوہ رمضان المبارک کا پورا مہینہ بھی اعتکاف کیا جاتا ہے اوربڑی تعداد میں لوگ پورا مہینہ اعتکاف میں بیٹھے ہوئے ہیں۔