کراچی کی آبادی کم ہوگئی؟نئی مردم شماری میں انکشاف

کراچی(امت نیوز)نئی مردم شماری میں انکشاف ہوا ہے کہ کراچی کی آبادی 2017 کی مردم شماری سے بھی کم ہوگئی اور کراچی اور حیدر آباد ڈويژن کی آبادی میں صرف 29 لاکھ کافرق رہ گيا ہے ۔

کراچی ڈویژن کی اب تک آبادی ایک کروڑ 39 لاکھ اور حیدرآباد ڈویژن کی آبادی ایک کروڑ 10 لاکھ سے زائد شمار کی گئی ہے۔دونوں ڈویژن میں مردم شماری کا کام 95 فیصد تک مکمل ہوچکا ہے۔

ملک بھر میں ساتویں خانہ و مردم شماری کا عمل جاری ہے۔ صوبہ سندھ کے بعض شہروں میں عمل تاحال مکمل نہیں ہوسکا، ادارہ شماریات نے مردم شماری میں 15 اپریل تک مزید توسیع کا نوٹیفکیشن جاری کیا ہے۔ کراچی اورحیدرآباد میں مردم و خانہ شماری کا 95 فیصد عمل ہوچکا ہے۔

ڈائریکٹر ادارہ شماریات سندھ منور علی گھانگرو نے بتایا کہ کراچی سے شکایات موصول ہوئی ہیں اس پر دوبارہ ٹیمیں کام کررہی ہیں۔

ریکارڈ کے مطابق سندھ کی کل آبادی اب تک 4 کروڑ 85 لاکھ سے زائد شمار کی گئی ہے۔

کراچی ڈویژن کی اب تک کی آبادی ایک کروڑ 39 لاکھ شمار ہوئی ہے جو نامکمل ہے جبکہ حیدرآباد ڈویژن ایک کروڑ 10لاکھ، لاڑکانہ ڈویژن 71 لاکھ اور میرپور خاص ڈویژن کی آبادی 46 لاکھ سے زائد شمار کی گئی۔

شہید بینظیر آباد ڈویژن کی آبادی 56 لاکھ اور سکھر ڈویژن کی آبادی 60 لاکھ شہریوں پر مشتمل بتائی گئی ہے۔

سینسس حکام کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت کو ڈیٹا 30 اپریل تک ارسال کردیا جائے گا۔