لاہور ( اُمت نیوز ) پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ میں نے سابق چیئرمین بورڈ رمیز راجا کو عہدے سے نہیں ہٹوایا بلکہ انہیں خود حکومت تبدیل ہوتے ہی استعفیٰ دے دینا چاہیے تھا۔
نجی چینل کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں سربراہ مینجمنٹ کمیٹی کا کہنا تھا کہ جب وفاقی حکومت تبدیل ہوئی تو میں خاموشی سے دیکھتا رہا، میرا یہ خیال تھا کہ راجا صاحب خود مستعفی ہوں گے کیونکہ یہ قابلِ عزت چیز تھی اور اس کے بغیر نظام چل نہیں سکتا تھا۔
نجم سیٹھی نے کہا کہ جب رمیز راجا مستعفی نہیں ہوئے تو پھر میرے پاس دو آپشنز تھے کہ یا تو میں حکومت کو کہتا جیسے چھٹی کرائی جاتی ہے ویسے کرائیں اور مجھے انسٹال کردیں کیونکہ یہ آئینی طور پر جائز ہے، دوسرا یہ تھا کہ راجا صاحب تھوڑے اور جھولے لے لیں، دیکھ لیں کہ کیا کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پھر ایک مرحلہ ایسا آیا کہ یہ ہی فیصلہ ہوا کہ اب جانے کا وقت آگیا ہے، رمیز راجا خود چلے جاتے تو بہتر تھا، نہیں گئے تو فارغ کردیا گیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ میں سابق وزیر اعظم عمران خان کی حکومت آتے ہی خود مستعفی ہو گیا تھا۔