کراچی : لیاری میں مندرہ برادران غیرقانونی تعمیرات کرانے لگے

کراچی(رپورٹ:حسام فاروقی)فاروق مندرہ اور عمر مندرہ نے لیاری کو کنکریٹ کے جنگل میں تبدیل کر ڈالا ہے۔ ساﺅتھ کے علاقے لیاری میں سسٹم کے اہم کردار آصف رضوی،راشد ناریجو اور احسن خشک نے مندرہ برادران پر دست شفقت رکھ دیا ہے،جس کے بعد یہ افراد لیاری میں ہونے والی تمام غیر قانونی تعمیرات سے رشوت جمع کرکے آصف رضوی اور راشد ناریجو کو پہنچا رہے ہیں،جبکہ ان کا کہنا ہے کہ محکمہ انسداد رشوت ستانی ساﺅتھ کے ڈائریکٹر کو بھی انہوں نے ماہانہ بنیاد پر رشوت فراہم کرکے اپنے نیٹ ورک میں شامل کر رکھا ہے۔

ذرائع کے مطابق لیاری میں عرصہ دراز سے غیر قانونی تعمیرات کا جن مکمل طور پر بے قابو ہو چکا ہے، جبکہ اب اس معاملے میں لیاری میں غیر قانونی تعمیرات کرنے والے بلڈروں نے گینگ وار کے ملک سے باہر فرار کرداروں کو بھی رابطے میں لے لیا ہے تاکہ علاقے میں رہنے والے لوگ ان کی غیرقانونی تعمیر ہونے والی عمارتوں کے خلاف معزز عدالت سے رجوع نہ کرسکیں۔اس وقت لیاری کے علاقے میں غیرقانونی تعمیرات کے بادشاہ 2 بھائی بنے ہوئے ہیں،جس میں سے ایک فاروق مندرہ اور دوسرا عمر مندرہ ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اس وقت ان دونوں بھائیوں نے لیاری کے مختلف علاقوں کو کنکریٹ کے جنگل میں تبدیل کردیا ہے۔گلی گلی میں ان کی جانب سے خلاف ضابطہ بے ہنگم عمارتیں تعمیرکی جارہی ہیں،جبکہ اب مندرہ برادران نے علاقے میں غیر قانونی تعمیرات کرنے والے دیگر بلڈروں سے بھی سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کو خاموش کروانے کا پیکج پکڑنا شروع کر رکھا ہے۔

بلڈروں سے رشوت جمع کرکے یہ دونوں بھائی ڈپٹی ڈائریکٹر ساﺅتھ راشد ناریجو کو پہنچا رہے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ساﺅتھ میں تعینات ایس بی سی اے کے بدعنوان ڈپٹی ڈائریکٹر راشد ناریجو کی جانب سے ان دونوں بھائیوں کو غیر قانونی تعمیرات کرنے اور کروانے کی مکمل چھوٹ دی گئی ہے،جن تعمیرات کو یہ دونوں بھائی کروانا چاہتے ہیں۔صرف وہی تعمیرات لیاری میں ہوتی ہیں اور باقی تعمیرات کو ایس بی سی اے کا عملہ منہدم کردیتا ہے اور بلڈروں کو کہا جاتا ہے کہ مندرہ برادران سے رابطہ کرو،جب تک وہ نہیں کہیں گے، کوئی غیر قانونی تعمیرات نہیں ہوں گی۔اس کے ساتھ ساتھ اس وقت ان بھائیوں اور دیگر غیر قانونی تعمیرات کرنے والے بلڈروں نے لیاری گینگ وار کے ان کرداروں سے بھی مراسم قائم کرلئے ہیں،جو ملک سے فرار ہیں اور ان کی جانب سے لیاری گینگ وار کے اہم کرداروں کو ماہانہ بھتہ ادا کیا جا رہا ہے،جس کے بدلے علاقہ مکینوں کو غیر قانونی تعمیرات رکوانے کے سلسلے میں معزز عدالت سے رجوع نہ کرنے دینے کی ذمہ داری لیاری گینگ وار کرداروں کے سپرد کی گئی ہے۔

فاروق مندرہ اور عمر مندرہ اس وقت لیاری میں جن پلاٹوں پر غیر قانونی تعمیرات کررہے ہیں۔ان میں ایک پلاٹ بہار کالونی کے اے روڈ پر واقع ہے،جس کا پلاٹ نمبر 10 ہے۔اس پلاٹ پر ان بھائیوں نے ایس بی سی اے کے ڈپٹی ڈائریکٹر راشد ناریجو کو 25لاکھ روپے رشوت ادا کرکے 8 منزلہ عمارت بناء کسی نقشے کے تعمیر کردی ہے، جبکہ نیچے دکانیں بھی تعمیر کی گئی ہیں۔اسی طرح آگرہ تاج کالونی میں تاج مسجد روڈ پر ان بلڈر بھائیوں کی جانب سے نونا آرکیڈ کے نام سے ایک 8 منزلہ عمارت تعمیرکی گئی ہے۔یہ عمارت بھی بناءکسی نقشے یا متعلقہ ادارے کی اجازت کے تعمیر ہوئی ہے۔اس غیر قانونی تعمیر ہونے والی عمارت میں بلڈر کی جانب سے سادہ لوح افراد کو بے وقوف بناکر مہنگے داموں فلیٹ فروخت کئے گئے ہیں۔نونا آرکیڈ گلی نمبر 9G میں قائم ہے۔اسی طرح آگرہ تاج کالونی میں نورانی مسجد روڈ پر گلی نمبر 2H میں پلاٹ نمبر 332/5 پر بھی ان بلڈروں نے 8 منزلہ خلاف ضابطہ عمارت کو تعمیر کیا ہے،جس کی مد میں ان کی جانب سے راشد ناریجو کو 35 لاکھ روپے رشوت ادا کی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ان بلڈروں نے لیاری میں غیر قانونی تعمیرات کرنے والے بلڈروں میں مشہور کر رکھا ہے کہ محکمہ انسداد رشوت ستانی کے ڈائریکٹر ساﺅتھ بھی ان سے ماہانہ بنیادوں پر رشوت وصول کررہے ہیں اور وہ بھی ان کے اس نیٹ ورک کا حصہ ہیں۔خبر کے سلسلے میں موقف لینے کے لئے ڈائریکٹر ساﺅتھ آصف رضوی سے رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی،مگر ان سے رابطہ ممکن نہ ہوسکا۔