عدیس ابابا( نیٹ نیوز) ایتھوپیا کے دارالحکومت عدیس ابابا میں اجتماعی افطار کا اہتمام کیا گیا جس میں ہزاروں شہریوں نے شرکت کی۔
عدیس ابابا کے میسکل اسکوائر پر رمضان کے مقدس مہینے میں ملک میں موجود بے گھر افراد کی مدد کے لیے فنڈز جمع کرنے کے مقصد سے ایک بڑے اجتماعی افطار کا اہتمام کیا جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔
اس افطار کے منتظمین میں شامل الیاس کیدیر نے بتایا کہ ’ہمارے ملک میں انسان ساختہ اور قدرتی وجوہات کی وجہ سے لوگ بے گھر ہیں، اس لیے ہم اجتماعی افطار کے دوران فنڈز جمع کرکے ان لوگوں کی مدد کرنا چاہتے ہیں‘۔
اس تقریب میں ایتھوپیا کی اسلامی سپریم کونسل کے سربراہ نے بھی شرکت کی جنہوں نے مسلمانوں سے رمضان کے بعد بھی خیراتی کام جاری رکھنے کی اپیل کی۔
واضح رہے کہ ایتھوپیا میں عیسائیوں کی اکثریت ہے جبکہ تقریباً ایک تہائی آبادی مسلمانوں کی ہے۔ اس ملک میں اب تک لاکھوں لوگ مختلف تنازعات اور خشک سالی کی وجہ سے بے گھر ہو چکے ہیں۔