مقبوضہ بیت المقدس(نیٹ نیوز) اسرائیلی وزیردفاع یووگیلنٹ کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوجیوں نے دو فلسطینیوں کو گولی مارکر شہید کرنے کے بعد لاشیں اپنے قبضے میں لے لی ہیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق وزیردفاع نے ٹوئٹرپرجاری بیان میں اپنے فوجیوں کے اس اقدام کوسراہتے ہوئے کہا کہ مغربی کنارے کے قریب فائرنگ کرنے والے دو فلسطینیوں کو شہید کیا گیا ہے۔
وزیردفاع نے بعد میں ایک بیان میں کہا کہ فوجیوں کے اس کامیاب آپریشن نے اسرائیلی شہریوں کے خلاف حملے کو روکا ہے۔
اس سے قبل کہا گیا تھا کہ فورسز نے دو افراد کو شہید کیا ہے اور جائے وقوعہ سے رائفلیں اور ہینڈ گنیں برآمد کی ہیں۔
مقامی فلسطینی ذرائع نے میڈیا کو بتایا کہ دو افراد کی لاشیں جن کی شناخت محمد ابوذرہ اور سعود الطیطی کے نام سے ہوئی، اسرائیلی فوج نے اپنے قبضے میں لے لی ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ سعود الطیطی فلسطینی اتھارٹی کی سیکیورٹی فورسز کا رکن تھا، جبکہ ابوذرا نے سات برس اسرائیلی جیل میں گزارے ہیں۔