لاہور ہائی کورٹ نے تحریک انصاف کے پولیس اہلکاروں پر حملے کی تحقیقات روکنے کی استدعا مسترد کردی۔
لاہور ہائیکورٹ میں زمان پارک میں پولیس پر پتھراؤ اور حملے کی تحقیقات کیلیے جے آئی ٹی کی تشکیل کیخلاف تحریک انصاف کی جانب سے درخواست پر سماعت ہوئی۔
عدالت نے زمان پارک لاہور میں پولیس پر پتھراو اور حملے کی تحقیقات کیلیے قائم جے آئی ٹی کی تشکیل کیخلاف درخواست باقاعدہ سماعت کیلیے منظور کرلی۔ تاہم جے آئی ٹی کو تفتیش سے روکنے کیلیے حکم امتناع کی استدعا مسترد کردی گئی۔
عدالت نے تحریک انصاف کی جانب سے جے آئی ٹی کو تفتیش سے روکنے کیلیے فوری حکم امتناع کی استدعا مسترد کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ ہمارا نقطہ نظر ہے کہ تفتیش نہیں روکی جاسکتی۔
عدالت نے اٹارنی جنرل اور ایڈووکیٹ جنرل کو معاونت کیلیے نوٹس جاری کردیے، جب کہ حکم دیا کہ سرکاری وکیل آئندہ سماعت پر دستاویزات کے ساتھ تفصیلی جواب دیں۔ کیس کی مزید سماعت پیر تک ملتوی کردی گئی۔