اسلام آباد(امت نیوز)وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے بڑے شہروں میں مردم شماری کے دوران کم گنتی کی شکایات کا جائزہ لینے کیلئے کمیٹی قائم کردی۔
کمیٹی میں وفاقی سیکرٹری منصوبہ بندی، صوبائی چیف سیکرٹریز اور چیف ادارہ شماریات شامل ہوں گے، کمیٹی بڑے شہروں میں کم گنتی کے معاملے کو دیکھنے کیلئے ایک طریقہ کار وضع کرےگی۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کی زیر صدارت اجلاس میں ملک بھر میں جاری مردم شماری کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
وزیر منصوبہ بندی نے اجلاس کی صدارت مدینہ منورہ سے ویڈیو لنک پر کی۔ وزارت منصوبہ بندی کے اعلامیے کے مطابق احسن اقبال نے کہا ہےکہ مردم شماری کے ایک شفاف اور قابل اعتماد فیلڈ آپریشن کو جلد مکمل کیا جائے۔
وفاقی وزیر نے سپارکو ملک بھر کی کچی آبادیوں کی شناخت کیلئے جیو ٹیگنگ کی ہدایت کی۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، وفاقی وزیر امین الحق، چیف ادارہ شماریات بھی شریک ہوئے۔
چیف ادارہ شماریات نے ملک بھر میں فیلڈ آپریشن کے متعلق پیش رفت سے آگاہ کیا، انہوں نے بتایا کہ ڈیجیٹل مردم شماری کے تحت فیلڈ آپریشن اب تک کامیابی سے جاری ہے۔