مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک)اسرائیلی آباد کاروں نے مقبوضہ مغربی کنارے پر رواں سال میں اب تک 28،000 زیتون کے درخت کاٹ دیئے ۔یہ درخت فلسطین کی معیشت کا اہم حصہ تھے۔
بین الاقوامی میڈیا نے مقامی فلسطینیوں کے حوالے سے بتایا کہ وہ الیکٹرک آریوں کی آواز سن کر جائے وقوعہ پر پہنچے جہاں آباد کاروں نے درختوں کو اکھاڑا ہوا تھا مقبوضہ مغربی کنارے پر فلسطینی شہر نابلس کے جنوب میں قریوت گاؤں میں آج زیتون کے تقریباً 70 درخت اکھاڑے گئے جس کے بعد یہ تعداد رواں سال 28،000 ہوگئی ہے۔
اسرائیل 1967 سے اب تک فلسطین میں 8 لاکھ زیتون کے درخت اکھاڑ چکا ہے۔ زیتون فلسطینی معیشت کا کلیدی جز ہیں جو پوری معیشت کا 14 فیصد ہیں۔
فلسطینی زیتون سے کشید کیے گئے تیل سے صابن اور دیگر مصنوعات دنیا بھر میں برآمد کی جاتی ہیں اور قدرتی علاج کے طور پر بھی استعمال کیا جاتا ہے۔ علاوہ ازیں زراعت فلسطین کی برآمدات کی بنیاد ہے، زیتون کی پیداوار سے آبادی کیلئے ذریعہ آمدنی بھی فراہم کیا جاتا ہے۔