پاکستان بار کونسل کا ملک بھر کی عدالتوں میں آج ہڑتال کا اعلان

 

اسلام آباد(اُمت نیوز)پاکستان بار کونسل نے سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجرل بل کی سماعت کے موقع پر ملک بھر کی عدالتوں میں آج (جمعرات) ہڑتال کا اعلان کردیا۔
سپریم کورٹ میں سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل 2023 کے خلاف درخواستیں سماعت کیلئے مقرر کی گئی ہیں۔
سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل کے خلاف درخواستوں کی سماعت کے لیے چیف جسٹس کی سربراہی میں 8 رکنی بینچ تشکیل دیا گیا ہے، درخواستوں پر سماعت آج صبح ساڑھے 11 بجے ہو گی۔
اب پاکستان بار کونسل نے بل کی سماعت کے موقع پر ملک بھر کی عدالتوں میں آج ہڑتال کا اعلان کردیا۔
وائس چیئرمین پاکستان بارکونسل حسن رضا کا کہنا تھاکہ مرضی کے ججزپر مشتمل بینچ بنایا گیا ہے، کیس کی سماعت میں سینیئر ججوں کوبھی شامل ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے63 اے کے معاملے پربھی فل کورٹ بینچ بنانے کا کہا مگر نہیں بنائی گئی، 63 اے سے متعلق غلط فیصلہ ہوا، سب کہہ رہے ہیں آئین کوری رائٹ کیا گیا۔
ذرائع پاکستان بار کونسل کے مطابق بل ملک بھر کی بار کونسلوں کا دیرینہ مطالبہ تھا، پارلیمنٹ کے بل کے حق میں ہیں، پاکستان بار کونسل بل کی حمایت اور سپریم کورٹ میں سماعت کے حوالے سے بیان جاری کرے گی۔