کراچی:جامعہ الصفہ میں یخنی پلاؤ-بریانی-گوشت سے سحرو افطار

کراچی(رپورٹ:محمد اطہر فاروقی)کراچی کے علاقے سعیدآباد میں قائم جامعہ الصفہ میں درجہ حفظ کے رہائش پذیر 350 سے زائد طلبہ کو یومیہ افطاری و سحری کروائی جاتی ہے۔یہ سلسلہ 1990 سے جاری ہے۔انتظامات پر 40 طلبہ اور 3 اساتذہ مامور ہوتے ہیں۔بیشتر مخیر حضرات جمعرات اور جمعے کے روز طلبہ کے لئے افطاری کا انتظام کرتے ہیں۔افطاری و سحری میں یخنی پلاؤ، بریانی،گوشت جبکہ افطاری میں کیلے،تربوز،چیکو،خربوزہ سمیت مشروبات بھی موجود ہوتی ہیں۔اساتذہ کے لئے بھی افطاری گھروں کو بھجوائی جاتی ہیں۔تفصیلات کے مطابق سعیدآباد میں قائم جامعہ الصفہ میں طلبہ کے لئے سحروافطار کے لئے انتظامیہ کی جانب سے خصوصی انتظامات کیے جاتے ہیں۔مدرسے میں 350 طلبہ رہائش پذیر ہیں۔

معلوم ہوا کہ جامعہ الصفہ میں درجہ نظامی اورحفظ کے ہزاروں طالب علم تعلیم حاصل کررہے ہیں،لیکن رمضان المبارک میں درس نظامی کے طلبہ کی چھٹی ہوتی ہے،تاہم حفظ کے طالب علم تعلیم حاصل کررہے ہیں۔اس مدرسے کی بنیاد 1985 میں رکھی گئی ہے، جبکہ 1990 کے بعد سے باقاعدہ طلبہ کے لئے افطاری و سحری کا انتظام کیا جاتا ہے۔اس وقت مدرسے میں حفظ کی 28 سے زائد کلاسسز لگ رہی ہیں،جس میں ہزاروں طلبہ شریک ہوتے ہیں،جبکہ ان طلبہ میں 350 سے زائد طالب علم مدرسے میں ہی رہائش پذیر ہیں،جن کے لئے سحری و افطاری کا اہتمام کیا جاتا ہے۔افطاری میں طالب علموں کے لئے کیلے، تربوز، چیکو،خربوزہ،گرما سردہ ،پکوڑے سمیت مشروبات بھی موجود ہوتے ہیں ،افطاری شام 4 بجے سے تیار کرنا شروع کردی جاتی ہے ۔فروٹ وغیرہ باہر سے خریدتے ہیں جبکہ افطاری کے ساتھ کھانے کا بھی اہتمام کیا جاتا ہے،جس میں یخنی پلاؤ اور بریانی سمیت گوشت کا سالن تیار روزانہ کی بنیاد پر تیار کیا جاتا ہے۔

جامعہ الصفہ کے مطبخ کے انچارج مولانا یونس سعدی نے بتایا کہ گزشتہ کئی سالوں سے وہ کچن کی ذمہ داری سنبھالے ہوئے ہیں۔میری کوشش ہے کہ میرے گھر میں جس معیار کا اچھا کھانا بنتا ہے۔اسی معیار کا کھانا طالب علموں کو سحر و افطار میں کھلایا جائے ۔انہوں نے کہا کہ افطاری میں 350 سے زائد طالب علموں کے لئے کھانا تیار کیا جاتا ہے۔پھر ان کو کھانے دینے تمام دیگر معاملات کی نگرانی بھی کی جاتی ہے۔طلبہ کو کھانا دینے کے لئے 40 طالب علم خدمت اور 3 اساتذہ نگرانی پر مامور ہوتے ہیں۔

رمضان میں افطار کے بعد کھانے میں روازنہ گوشت بنایا جاتا ہے،جبکہ سحری میں دہی ،سالن روٹی اور چائے دی جاتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جمعرات اور جمعے کے روز اکثر و بیشتر مخیر حضرات طلبہ کے لئے افطاری کا انتظام کرتے ہیں،جس میں وہ افطار کے ساتھ ساتھ اکثر و بیشتر کھانا بھی باہر سے منگوا لیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ طلبہ کے علاوہ درجنوں کی تعداد میں اساتذہ کے لئے بھی افطاری کا انتظام کیا جاتا ہے،جو ان کے گھر میں روزانہ کی بنیاد پر بھیج دی جاتی ہے،جبکہ مدرسے میں آنے والے مسافروں کے لئے بھی افطاری کا انتظام ہوتا ہے۔