اکثر ہم سنتے ہیں کہ ’شوق کی کوئی قیمت‘ نہیں ہوتی لیکن دبئی کے ایک امیر ترین شخص نے نیلامی کے دوران کار کے لیے 5 کروڑ 50 لاکھ درہم کی مالیت کا نایاب نمبر پلیٹ خرید کر اس کہاوت کو سچ ثابت کردیا ہے۔ عالمی نشریاتی ادارے ’بلومبرگ‘ کی رپورٹ کے مطابق چیئرٹی (خیرات) کے لیے منعقد نیلامی کے دوران دبئی کی ایل ایل سی کمپنی نے دو حروف پر مبنی کار کا نایاب نمبر پلیٹ ’پی 7‘ نیلام کیا
جس کی مالیت 5 کروڑ 50 لاکھ درہم ہے۔ کمپنی کے مطابق اس نمبر پلیٹ میں ’پی‘ حرف کے فاصلے پر ’7‘ لکھا گیا ہے جس کی وجہ سے وہ نایاب نمبر پلیٹ ہے۔ رپورٹ کے مطابق نایاب نمبر پلیٹ کی نیلامی کی رقم دبئی کے حاکم شیخ محمد بن راشد کی طرف سے شروع کی گئی ’عالمی فوڈ ایڈ‘ مہم میں منتقل کی جائے گی۔ خیال رہے کہ دبئی میں اس شوق کو پایا جاتا ہے جہاں قیمتی اور نایاب نمبر پلیٹ جاری کیے جاتے ہیں جو کہ چیئرٹی کے عوض انتہائی امیر لوگ اپنی حیثیت اور دولت کا دکھاوا کرنے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔ اس حالیہ نمبر پلیٹ کی نیلامی نے دبئی کے مقامی امیر ترین شخص سعید عبدالغفور کھوری کے ریکارڈ کو توڑ دیا ہے جنہوں نے 2008 میں نایاب نمبر پلیٹ ’1‘ کے لیے 5 کروڑ 22 لاکھ درہم خرچ کیے تھے۔ تاہم حالیہ نیلامی جیتنے والے شخص کا نام ظاہر نہیں کیا گیا۔
واضح رہے کہ مشرق وسطیٰ سے باہر بھی نایاب اور منفرد نمبر پلیٹس کی قیمتیں توجہ کا مرکز رہی ہیں جہاں ہانگ کانگ میں ایک نیلامی کے دوران کسی شخص نے 3 کروڑ 20 لاکھ کی قیمت پر ’آر‘ نمبر پلیٹ خریدا تھا۔ قبل ازیں ایک کاروباری شخصیت بلویندر سنگھ ساہنی نے 2016 میں 3 کروڑ 30 لاکھ درہم کی قیمت پر ’ڈی‘ نمبر پلیٹ خریدا تھا۔ گزشتہ روز انہوں نے ایک انٹرویو میں کہا کہ ’دبئی سونے کا شہر ہے، یہ بڑے لوگوں، محفوظ لوگوں، اچھے لوگوں کا شہر ہے اس لیے ہر کوئی اپنی حیثیت ظاہر کرنے کی خواہش رکھتا ہے۔‘ بلویندر سنگھ ساہنی نے کہا کہ انہیں آج بھی یاد ہے کہ جب وہ 2006 میں دبئی کے لگژری ہوٹل ’برج العرب‘ میں گئے تو انہیں اس لیے روکا گیا تھا کہ ان کی گاڑی کے نمبر پلیٹ پر ایک سے زائد حروف تھے اور انہیں کہا گیا تھا کہ ہوٹل میں داخل ہونے کے لیے ان کے پاس دو حروف پر مبنی نمبر پلیٹ ہونا چاہیے، اس لیے اس وقت سے سنگل حروف والا نمبر پلیٹ رکھنا ان کا خواب بن گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ جب وہ چیئرٹی کے لیے منعقد ایک نیلامی پروگرام میں گئے تو انہوں نے ’ڈی 5‘ حروف کا نمبر پلیٹ خریدا اور چونکہ 9 نمبر ان کا پسندیدہ رہا ہے اس لیے انہوں نے انگریزی حروف کے ’ڈی‘ اور نمبروں میں سے 5 کا انتخاب کیا جن کو ملانے سے 9 نمبر بن جاتا ہے۔ تاہم گنیز ورلڈ ریکارڈ نے فوری طور پر اس معاملے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔ رپورٹ کے مطابق فروخت ہونے والا نمبر پلیٹ امارات میں رجسٹرڈ کسی بھی کار پر لگایا جا سکتا ہے چاہے وہ لگژری گاڑی ہو یا نہ۔