اسلام آباد: وزیردفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ افغانستان سے آنے والے دہشت گردوں کو سیاسی پشت پناہی مل گئی ہے اور وہ زمان پارک میں موجود ہیں۔
قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیردفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ فرد واحد کے فیصلوں نے ملک کونقصان پہنچایا ہے، 4 دہائیوں سے ناقص پالیسیوں کے باعث مسائل میں اضافہ ہوا۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ جب سے کالعدم ٹی ٹی پی کے رہنما پاکستان میں واپس آئے تو دہشت گردی بڑھ گئی، عمران خان اور ان کی کابینہ نے فیصلہ کیا تھا کہ انہیں واپس لانا ہے اور بسانا ہے اور انہیں لایا گیا اور پرامن وادیوں میں بسایا گیا، اور آج ملک کا امن تباہ ہوگیا ہے۔
وزیردفاع کا کہنا تھا کہ ان لوگوں کا محاسبہ کرنا چاہئے جنہوں نے یہ فیصلہ کیا کہ دہشت گردوں کو واپس لانا ہے اور بسانا ہے، یہ ہمارے علاقوں کی تباہی کا نسخہ تھا۔
وزیردفاع نے کہا کہ افغانستان سے واپس آئے دہشت گردوں کو سیاسی پشت پناہی بھی حاصل ہوگئی ہے، دہشت گرد صرف کچے میں نہیں ہیں، بلکہ متعدد دہشت گرد زمان پارک میں بیٹھے ہوئے ہیں، اور اب عمران خان کی پشت پناہی کررہے ہیں۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہماری سیاست میں جو عدم استحکام ہے بہت خطرناک ہے، اس ایوان میں بیٹھے متعدد اراکین جیلیں کاٹ چکے ہیں، اور ایک طرف ایک شخص ڈرامے کررہا ہے، شیلڈ لگا کر عدالت آتا ہے اور کہتا ہے میری جان کو خطرہ ہے، اگر جان کو خطرہ ہے تو ایسے کام ہی نہ کرو، آرام سے گھر بیٹھو، ان کاموں میں تو جان کا خطرہ ہوتا ہے، پھر سامنا بھی کرنا پڑتا ہے۔