اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے فوجی قیادت سے بریفنگ لینے کیلیے قومی اسمبلی کا ان کیمرا اجلاس جمعہ کو طلب کرلیا ۔
راجا پرویز اشرف نے پی ٹی آئی اراکین کی جانب سے پارلیمنٹ میں واپسی کی درخواست بھی جمعرات کے روز ایک بار پھر مسترد کردی اور پی ٹی آئی اراکین کو کہا ہے کہ عدالت نے استعفوں کی منظوری کے بارے میں میرا آرڈر منسوخ نہیں کیا، اس لیے اجنبی کو ایوان میں آنے کی اجازت نہیں۔
اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویزاشرف نے کل ان کیمرا اجلاس طلب کرلیا ہے جس میں وفاقی وزرا، مشیران اور اراکین قومی اسمبلی کو شرکت کی دعوت دے دی گئی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ اہم اجلاس قومی اسمبلی ہال میں جمعہ کے روز طلب کیا گیا ہے، جس میں اعلی عسکری قیادت اور خفیہ اداروں کے سربراہان قومی سلامتی امور پر بریفنگ دیں گے۔
دوسری جانب آفتاب صدیقی کی سربراہی میں تحریک انصاف کے اراکین قومی اسمبلی فہیم خان، عطاء اللہ ایڈووکیٹ، اسلم خان، آفتاب جہانگیر، سیف الرحمان اور عالمگیر خان اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف سے ملاقات کی، اور ایوان کی کارروائی میں شرکت کی اجازت طلب کی اور اسپیکر کو عدالتی فیصلہ دکھایا۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے پی ٹی آئی اراکین کو دو ٹوک کہا کہ آپ کے استعفے منظور ہو چکے ہیں، اجنبی کو ایوان میں آنے کی اجازت نہیں۔