کراچی: شہر قائد میں پنجابی سوداگران سوسائٹی سے کینیا کی 2 مغوی خواتین کو بازیاب کرا لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق اے وی سی سی نے سی پی ایل سی کے ہمراہ سپرہ ہائی وے پنجابی سوداگران سوسائٹی پر مشترکہ چھاپا مار کارروائی کرتے ہوئے کینیا کی شہری دو مغوی خواتین کو بازیاب کرا لیا۔
اے وی سی سی حکام کے مطابق اسکیم 33 پنجابی سوداگران سوسائٹی میں کارروائی کے دوران دو ملزمان گرفتار کو گرفتار کر لیا گیا، گرفتار ملزمان میں آغا اور راجہ حسنین نامی ملزمان شامل ہیں،
اے وی سی سی حکام کا کہنا ہے کہ گروہ کا سرغنہ حیدر الرحمن اور ساتھی ندرت العین فرار ہوگئی، کارروائی میں تین مشتبہ افراد کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔
اے وی سی سی پولیس نے بتایا کہ گرفتار ملزموں نے دونوں غیرملکی خواتین سے سوشل میڈیا کے ذریعے رابطہ کیا تھا،ملزمان نے خواتین کو کاروبار اور نوکری کا جھانسہ دیا تھا، ملزمان نے دنوں خواتین کے پاسپورٹ بھی ضبط کرلیے تھے۔
دوسری جانب اینٹی وائلنٹ کرائم سیل کے ایس ایس پی عبدالرحیم شیرازی کا کہنا ہے کہ سی پی ایل سی کو کینیا ہائی کمیشن نے درخواست دی تھی، جس میں کینین شہری کا کہنا تھا اس کی بہن مغوی لولے عابدی کالے اور ٹریسہ ونگی کو وومن ٹریفکنگ کے ذریعے پاکستان لایا گیا ہے، مغوی خواتین کو جھانسا دے کر بلایا اور اغوا کر لیا گیا۔
کینیا ہائی کمیشن کے مطابق مغویوں کے پاسپورٹ بھی چھین لیے گئے تھے اور لوے عابدی کالے کے نام پر اکاؤنٹ بھی کھولے گئے، جو کسی تنظیم کو دہشت گردی کی فنڈنگ میں بھی استعمال ہو سکتے تھے۔
ایس ایس پی عبدالرحیم شیرازی کے مطابق مغوی لولے عابدی کالے نے اپنی لوکیشن کسی طرح کینیا بھیج دی تھی، جہاں سے ہائی کمیشن کینیا اسلام آباد نے لوکیشن چیف سی پی ایل سی کو بھیجی۔
بعد ازاں سی پی ایل سی ٹیم نے اے وی سی سی کے ساتھ کامیاب چھاپا مار کر آغا اور راجہ حسنین نامی دو ملزمان کو گرفتار کر لیا، جبکہ گروہ کا سرغنہ حیدر رحمان اور ساتھی ندرت العین فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔