وزیراعظم کی ایرانی صدر کو ریاض سے سفارتی تعلقات کی بحالی پر مبارکباد

اسلام آباد(امت نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی کو ریاض کے ساتھ سفارتی تعلقات کی بحالی پر مبارکباد دی ہے۔
وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے ایرانی صدر سے ٹیلی فونک گفتگو کی اور باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں بالخصوص تجارت، توانائی تعاون، سلامتی اور علاقائی استحکام میں دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا
وزیراعظم شہباز شریف نے حال ہی میں پولان گبد الیکٹرسٹی ٹرانسمیشن لائن کے فعال ہونے پر اطمینان کا اظہار کیا اور اس سلسلے میں ایرانی حکومت کے تعاون کو سراہا۔ وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان باہمی افہام و تفہیم اور تعاون کو فروغ دینے کے لیے ثقافتی اور تعلیمی تبادلوں سمیت عوام سے عوام کے رابطوں کو بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے ایرانی قیادت کی کوششوں کو سراہتے ہوئے صدر ابراہیم رئیسی کو ایران اور سعودی عرب کے درمیان سفارتی تعلقات کی بحالی کی تاریخی پیش رفت پر مبارکباد دی۔
.