لاہور(امت نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اگر پاکستان کو قرض کے مسائل سے نکلنا ہے تو اس کے لیے سخت ترین اصلاحات کرنا ہوں گی۔
فنانشل ٹائمز کو انٹرویو میں عمران خان کا کہناتھاکہ قرض بڑھ رہا ہے، ہماری معیشت آہستہ آہستہ سکڑتی جا رہی ہے، میری پارٹی کے نقطہ نظر سے ہم نے مسائل سے نکلنے کے لیے سوچنا شروع کر دیا ہے، ملک بہت بری طرح پھنس چکا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ حکومت کو قرض لینے کے پالیسی سے باہر نکلنے کی ضرورت ہے، قرض لینے کی پالیسی نے ترقی پذیر معیشتوں کو روک رکھا ہے لیکن اگر پی ٹی آئی اقتدار میں واپس آتی ہے تو سخت اصلاحات کو ترجیح دیں گے۔ ہمیں ملک کو معاشی مسائل سے نکالنے کیلئے مکمل سرجری کرنی ہے۔
Imran Khan says Pakistan’s economic crisis requires ‘conducting surgery’ https://t.co/fl1IMQZRuz
— Financial Times (@FT) April 13, 2023
پی ٹی آئی چیئر مین کا کہنا تھا کہ میری پارٹی کی ٹیم حکمت عملی تیار کر رہی ہے اگر وہ پاکستان میں اقتدار میں واپس آتے ہیں تو مسائل سے نکلنے کیلئے مکمل اصلاحات کریں گے۔ ہم اپنے ماہرین اقتصادیات کے ساتھ بیٹھے ہیں کہ کس طرح ایک ایسا منصوبہ تیار کیا جائے جس کے ساتھ ہم آئی ایم ایف کے ساتھ بیٹھ سکیں اور اپنے قرضوں کی ادائیگی کے قابل ہونے کا ایک قابل عمل طریقہ فراہم کر سکیں۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ ایک بار جب کوئی بھی ملک ڈالر میں قرض لینا شروع کر دیتا ہے تو بدلے میں ہمیں قرض ڈالر میں ہی ادا کرنا پڑتا ہے۔ اگر آپ کی ڈالر کی آمدنی میں بہتری یا اضافہ نہیں ہوتا ہے، تو آپ اپنے قرضوں کی ادائیگی کیسے کریں گے؟ ملک میں ڈالر لانے کیلئے برآمدات بڑھانی ہونگی، اگر ایسا نہ ہوا تو ہم قرض کی ادائیگی کیسے قرض کر پائیں گے چاہے یہ قرض چین کے ہوں یا، پیرس کلب کے ہوں یا دیگر ممالک کے۔