لاہور(امت نیوز)افواج پاکستان کے سابق افسران کی غیر سرکاری اور غیر رجسٹرڈ تنظیم ویٹرنز آف پاکستان نے آئین کی بالادستی کے لیے عمران خان کی حمایت کا اعلان کردیا۔
میڈیا رپورٹس کےمطابق سابق اعلیٰ فوجی افسران کی تنظیم کا دس رکنی وفد زمان پارک پہنچا جہاں انہوں نے چیئرمین تحریک انصاف سے تفصیلی ملاقات کی اور آئین کی بالادستی کے لیے اپنی مکمل حمایت کا یقین دلایا
ویٹرنز آف پاکستان نے ملک میں حکمران اتحاد کی جانب سے آئینی بحران میں شدت پیدا کرنے کی کوششوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پارلیمان کے ذریعے ریاستی اداروں خصوصاً عدلیہ پر حملوں کی شدید مذمت کی اور آئین کے تحت مقررہ مدت میں انتخابات نہ کرا کر آئین کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔
وفد نے خارجی سطح پر پاکستان کی تنہائی اور تیزی سے سکڑتے کردار پر بھی تشویش کا اظہار کیا جبکہ حکومت کی جانب سے شہریوں پر کیے جانے والے طاقت کے استعمال کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس کے ذریعے عوام اور اداروں میں نفرتیں پیدا کر کے حکومت اپنے عزائم پورے کررہی ہے۔
سابق اعلیٰ فوجی افسران نے ملک میں آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی اور عوام اور اداروں کے مابین ٹھوس ربط کا کردار ادا کرنے پر چیئرمین عمران خان کی مکمل تائید کا اعلان کیا جبکہ قاتلانہ حملے کے باوجود چیئرمین تحریک انصاف کی سیکیورٹی کے حوالے سے ریاستی غفلت انتشار کو ہوا دینے کی کوشش قرار کیا۔
وفد نے عمران خان کی سیکیورٹی کو نہایت سنجیدگی سے لینے کا مطالبہ کیا جبکہ آزادئ اظہار پر پابندیاں عائد کرکے ریاستی سطح پر شدت و نفرت کے فروغ کا سلسلہ فوری بند کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔
ویٹرنز کے وفد نے دہشت گردی کے خلاف نیشنل ایکشن پلان کو پسِ پشت ڈال کر بدامنی کی آڑ میں انتخابات سے فرار کی کوششیں ترک کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا اور واضح کیا کہ وہ صاف شفاف انتخابات کے ذریعے سیاسی استحکام کے حصول اور معیشت کی بحالی کے چیئرمین تحریک انصاف کے مؤقف کی بھی مکمل تائید حمایت کرتے ہیں۔