کراچی :چڑیا گھر انتظامیہ، غفلت پر ہتھنی ’نورجہاں’ کی حالت مزید بگڑگئی

کراچی(اسٹاف رپورٹر) عالمی ماہرین کی ٹیم کے منع کرنے کے باوجود چڑیا گھر کی انتظامیہ نے ہتھنی نور جہاں کو تالاب میں نہلا دیا ،جس کے سبب ہتھنی نور جہاں کی حالت مزید بگڑگئی اور وہ نڈھال ہوکر وہیں لیٹ گئی، بعد ازاں نور جہاں کو کرین کی مدد سے باہر نکالا گیا-تفصیلات کے مطابق ناتجربہ کار افسر کی تعیناتی سے ہتھنی نور جہاں کی حالت مزید بگڑنا شروع ہوگئی ہے۔

انٹرنیشنل ڈاکٹروں کی ٹیم نے چڑیا گھر انتظامیہ کو مشورہ دیا تھا کہ ہتھنی نور جہاں کو فوری طور پر سفاری پارک منتقل کیا جائے اور اس کے نہانے کے لیئے پریشر والی موٹر کا استعمال کیا جائے ۔ ڈاکٹروں کی ٹیم نے بتایا تھا کہ ہتھنی نور جہاں کو فی الحال پائپ کے ذریعے ہی نہلایا جائے ۔ذرائع نے بتایا کہ جمعرات کے روز ناتجربہ کار افسر نے ہتھنی نور جہاں کو تالاب میں نہلا دیا۔

5 فٹ گہرا یہ تالاب نور جہاں کا سوئمنگ پول ہے۔ذرائع نے بتایا کہ کئی گھنٹوں تک پانی میں رہنے کے باعث ہتھنی نور جہاں کے پاؤں کی سوجن بڑھ گئی جس کے باعث وہ وہی لیٹ گئی جس کے بعد اسے کرین کی مدد سے باہر نکالا گیا ،ذرائع کا کہنا ہے کہ ہتھنی کو نہالنے سے قبل منع بھی کیا گیا تھا لیکن کسی نے ایک بات نہیں سنی ،امت نے اس حوالے سے چڑیا گھر کے ذمہ دار کنور ایوب سے بات کی تو انہوں نے کہا کہ ہتھنی نور جہاں نہلانے سے نہیں بلکے تھکن سے لیٹ گئی تھی ،جنوری کے ماہ سے ہتھنی نور جہا ں کھڑی ہوئی ہے نہ تو ٹھیک سے سو رہی ہے اور نہ ہی ٹھیک سے کھارہی ہے ،انہوں نے پونڈ میں نہلانے والی بات کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ انٹرنیشنل ڈاکٹرز ہم سے رابطے میں ہیں مزید بات نہیں کرسکتا۔