ممبئی (نیٹ نیوز) بالی وڈ اداکار سلمان خان کے لیے ایک اور دھمکی آمیز فون کال ممبئی پولیس کو موصول ہوئی جس میں نامعلوم شخص نے اداکار کو جلد قتل کرنے کی دھمکی دی ۔
بھارتی نیوز ایجنسی کے مطابق گزشتہ روز ممبئی کے مین پولیس کنٹرول روم میں پولیس کو کال موصول ہوئی جس میں ایک شخص نے کہا کہ وہ سلمان خان کو 30 اپریل کو قتل کر دے گا۔ فون کرنے والے نے اپنی شناخت ”گؤشالہ رکشک راکی بھائی” کے طور پر کی ہے، جس کا تعلق راجستھان کے ضلع جودھ پور سے ہے۔
دھمکی دینے والے راکی بھائی نے پولیس سے کہا ہے کہ وہ سلمان خان کو فون کال کے بارے میں بتا دیں کہ انہیں جلد ہی قتل کر دیا جائے گا۔
بھارتی پولیس کے مطابق علاقے میں کارروائی کرکے معلوم ہوا کہ کال 16 سالہ لڑکے نے کی تھی جسے حراست میں لے لیا گیا ہے، مزید قانونی کارروائی اور لڑکے کا ارادہ جاننے کے لیے تفتیش جاری ہے۔