اسلام آباد:سپریم کورٹ نے گورنر سٹیٹ بینک کو الیکشن کمیشن کو براہ راست فنڈز جاری کرنے کا حکم دے دیا۔
پنجاب انتخابات فنڈز معاملے پر سپریم کورٹ کے چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں اِن چیمبر سماعت کے بعد اسٹیٹ بینک کو21ارب روپے جاری کرنے کا حکم دیدیا۔
ذرائع کے مطابق وزارت خزانہ بھیجی گئی رقم الیکشن کمیشن کو فراہم کرے گا جبکہ الیکشن کمیشن پیر کو سپریم کورٹ میں رقم سے متعلق رپورٹ پیش کرے گا۔
وزارت خزانہ حکام نے اِن چیمبر سماعت میں موقف دیا کہ ہمارے اوپر قرضہ جات ہیں۔ اسٹیٹ بینک حکام نے بریفنگ دی کہ 21 ارب روپے کی رقم خزانے میں موجود ہے جو حکومت کی منظوری سے ہی جاری کیے جا سکتے ہیں۔
پنجاب میں عام انتخابات کے فنڈز کی عدم فراہمی سے متعلق کیس کی ان چیمبر سماعت ہوئی۔ ،چیف جسٹس عمر عطابندیال نے ان چیمبر کیس کی سماعت کی ، جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس منیب اختر بھی شامل ہیں،
اسپیشل سیکریٹری خزانہ اویس منظور سمرا، ایڈیشنل سیکریٹری خزانہ امر محمود اور ایڈیشنل سیکریٹری خزانہ تنویر بٹ سماعت میں موجود تھے۔
قائم مقام گورنر اسٹیٹ بینک سیما کامل، ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک عنایت حسین چوہدری، ڈائریکٹر اسٹیٹ بینک قدیر بخش اور پروٹوکول آفیسر اسٹیٹ بینک محسن افضال بھی سماعت میں موجود تھے۔
سیکریٹری الیکشن کمیشن، ایڈیشن سیکریٹری الیکشن کمیشن اور ڈی جی لا الیکشن کمیشن بھی سماعت میں موجود تھے۔
ان چیمبرسماعت میں غیرمتعلقہ افراد کوداخلےکی اجازت نہیں دی گئی، قائم مقام گورنر اسٹیٹ بینک کے ہمراہ آنے والوں کو باہر بھیج دیا گیا، اسپیشل اورایڈیشنل سیکرٹری کے علاوہ دیگرحکام کو بھی باہر بٹھا دیا گیا، جب کہ الیکشن کمیشن کے اضافی افسران کو بھی کمیٹی روم میں نہیں جانے دیا گیا۔
تینوں ججز نے اسٹیٹ بینک اور وزارت خزانہ کے فراہم کردہ ریکارڈ کا جائزہ لیا، سیکرٹری الیکشن کمیشن پنجاب اور خیبرپختونخو امیں انتخابات پر پیشرفت سے آگاہ کیا، وزارت خزانہ اور اسٹیٹ بینک حکام فنڈز سے متعلق رپورٹ پیش کی۔
اٹارنی جنرل نے ججز کو فنڈز کی فراہمی سے متعلق پارلیمنٹ میں ہونے والی پیشرفت سے آگاہ کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اٹارنی جنرل کو پیش کئے گئے حکومتی موقف پر سخت سوالات کا سامنا کرنا پڑا۔ ججز نے سماعت کے دوران فنڈ جاری نہ کرنے پر اظہار برہمی کرتے ہوئے واضح کردیا کہ عدالتی حکم پر عمل کرنا پڑے گا۔
ذرائع سپریم کورٹ نے بتایا کہ نماز جمعہ کے بعد باضابطہ حکم جاری کیا جائے گا۔چیف جسٹس کے چیمبر میں سماعت ختم ہوئی، تو چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ان چیمبر سماعت کا آرڈرجاری ہوگا۔
حکومت کو فنڈز جاری کرنے کا اختیار نہیں ۔اٹارنی جنرل
سماعت سے قبل اٹارنی جنرل کی وزارت خزانہ کے حکام سے ملاقات ہوئی جبکہ وزیر اعظم نے بھی اٹارنی جنرل کو مشاورت کے لیے طلب کیا تھا۔
سپریم کورٹ میں پنجاب میں عام انتخابات کیلیے فنڈز کی عدم فراہمی کیس میں اٹارنی جنرل نے کہاکہ وفاقی حکومت فنڈز کے اجرا میں بے بس ہے ، پارلیمنٹ نے حکومت کو فنڈز جاری کرنے کا اختیار ہی نہیں دیا۔
سپریم کورٹ میں پنجاب میں عام انتخابات کیلیے فنڈز کی عدم فراہمی کیس کی سماعت ہوئی،چیف جسٹس عمرعطابندیال ان چیمبر سماعت کررہے ہیں،جسٹس اعجازالاحسن اور جسٹس منیب اختر بھی شامل ہیں ،اٹارنی جنرل، وزارت خزانہ کے حکام چیف جسٹس کے چیمبر میں پیش ہوئے۔
اٹارنی جنرل نے کہاکہ وفاقی حکومت فنڈز کے اجرا میں بے بس ہے ، پارلیمنٹ نے حکومت کو فنڈز جاری کرنے کا اختیار ہی نہیں دیا۔