کراچی (اسٹاف رپورٹر) نیشنل بینک آف پاکستان (این بی پی) نے فارمنگ انڈسٹری کو معاونت فراہم کرنے کیلئے کم مارک اپ ریٹ پر زرعی قرضے دینے کا نیاپروگرام شروع کیا ہے جس سے کسان تیز ترین پراسسنگ کے ساتھ زرعی قرضے حاصل کرکے اپنی فصلوں کی پیداوار بڑھا سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ این بی پی فارمنگ انڈسٹری میں خواتین کی شمولیت کی حوصلہ افزائی کیلئے خواتین کیلئے مارک اپ ریٹ پر خصوصی رعایت کی پیش کش کررہا ہے۔ قرضہ مختلف زرعی ضروریات جیسے کہ گودام، شمسی توانائی پر چلنے والے ٹیوب ویل، ماہی گیری، نئے ٹریکٹرز، زرعی بیلر، بیج، مٹی اور کیڑے مار ادویات کیلئے استعمال کیے جاسکتے ہیں نیشنل بینک آف پاکستان کے قائم صدر و سی ای او رحمت علی حسنی نے کہا”ہمیں پاکستان میں کاشت کار برادری کی معاونت کیلئے نئے پروگرام کے اجراء پر فخر ہے۔این بی پی کا IDG کاشت کار برادری کو جدید زرعی ٹیکنالوجیز اختیار کرنے کیلئے سہولت دینے میں پرعزم ہے تاکہ وہ اپنی قابلیت، پیداوار اور منافع کو بڑھاسکیں۔ این بی پی کے پاس کسانوں کی ضروریات کے مطابق زرعی فنانسنگ کی وسیع رینج موجود ہے۔ IDG،این بی پی کی قائم مقام گروپ ہیڈ نوشابہ شہزاد نے کہا”ہمارا مقصد فنانسنگ اور دیگر وسائل تک آسان رسائی کے ذریعے پاکستان کے زرعی شعبہ کو ترقی دینا ہے۔ ہمارا پختہ یقین ہے کہ اس شعبہ کی ترقی پاکستان کی ترقی سے جڑی ہوئی ہے۔ زراعت کا شعبہ پاکستان کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اور این بی پی نے اس شعبہ کے دوام میں مدد دینے کیلئے متعدد منصوبے شروع کیے ہیں۔ جدید ترین زرعی ٹیکنالوجی ہائی ایفیشنسی ایریگیشن سسٹم کو فروغ دینے کے لیے این بی پی نے زرعی یونیورسٹیوں، ٹریکٹروں اور امپلیمنٹس بزنسز، پنجاب اور سندھ کے زراعت کے محکموں کے ساتھ مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے۔ این بی پی پاکستان میں فارمنگ انڈسٹری کی اعانت کرنے کی ایک طویل تاریخ رکھتا ہے اورنئے پروگرام کی اساس صارفین کو جدید مالی حل فراہم کرنے کے بینک کے عزم پر مبنی ہے۔زرعی قرضے حاصل کرنے کے خواہشمند کسان پروگرام کے بارے میں مزید معلومات کیلئے اپنی قریبی این بی پی برانچ سے رابطہ کرسکتے ہیں۔