مسجد اقصیٰ میں نمازیوں پر حملےکی شدید مذمت کرتے ہیں، امام کعبہ

سعودی عرب(اُمت نیوز)امام المسجد الحرام الشیخ ڈاکٹر عبدالرحمن بن عبدالعزیز السدیس نے مسجد حرام میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب میں مسجد اقصیٰ پر قابض اسرائیلی افواج کے حملوں اور آباد کاروں کے دھاووں کی شدید مذمت کی۔
امام کعبہ الشیخ السدیس نے کہا کہ ہم مسجد اقصیٰ پر قابض افواج کے حملوں کی مذمت کرتے ہیں۔ مسجد اقصیٰ کے تقدس کو پامال کرنے کی بار بار کوششیں کی جا رہی ہیں۔ مسجد اقصیٰ پر دھاووں اور اسرائیلی فوج کے حملوں سے دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہو رہے ہیں۔ مسجد اقصیٰ اور اس کے صحنوں پر دھاوے بولنے سے تشدد میں مزید اضافہ ہو گا۔
الشیخ عبدالرحمان السدیس نے مسجد اقصیٰ سمیت دنیا بھر کے مقدس مقامات کے تحفظ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مسجد اقصیٰ پر اسرائیلی فوج کے دھاووں سے خطے میں کشیدگی میں اضافے کا اندیشہ ہے۔
انہوں نے سعودی عرب کی دانش مند قیادت کی طرف سے حرمین شریفین میں زائرین، نمازیوں اور معتمرین کو پرسکون ماحول میں عبادت کے لیے فراہم کی جانے والی سہولیات پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
امام کعبہ نے اپنے خطبہ میں مسلمانوں سے توبہ اور استغفار کے ساتھ کثرت کے ساتھ اللہ کی حمد وثنا بیان کرنے، صدقہ فطر ادا کرنے اور نیک اعمال میں اضافے کی ضرورت پر زور دیا