ٹیکساس (نیٹ نیوز) امریکی ریاست ٹیکساس کے ایک ڈیری فارم میں دھماکے سے 18 ہزار گائیں ہلاک ہونے کی تصدیق واشنگٹن ڈی سی میں قائم اینیمل ویلفیئر انسٹی ٹیوٹ کی جانب سے بھی کی گئی ہے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ڈِمِٹ ٹاؤن کے قریب قائم ایک ساؤتھ فورک ڈیری میں پیش آیا جہاں ہزاروں کی تعداد میں گائیں موجود تھیں۔
میڈیا رپورٹس میں بتایاگیا ہے کہ انتظامیہ کی جانب سے دھماکے کی وجوہات معلوم کرنے کی کوشش کی جارہی ہیں تاہم انتظامیہ کا خیال ہےکہ فارم میں موجود مشینری کی وجہ سے میتھین گیس سے آتشزدگی کی کیفیت پیدا ہوئی جس سے دھماکا ہوا۔
انتظامیہ کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں کچھ گائیں زخمی بھی ہوئی ہیں اور کچھ کو بچا لیا گیا ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہےکہ حادثے کے نتیجے میں ایک شخص شدید زخمی ہوا جس کی حالت تشویشناک ہے۔