سوڈان:پیراملٹری فورسزاورفوج کے درمیان کشیدگی،خرطوم میں فائرنگ و دھماکے

خرطوم (امت نیوز) سوڈان میں فوج اور پیرا ملٹری فورسز کے درمیان جھڑپوں کے نتیجے دارالحکومت خرطوم دھماکوں سے گونج اٹھا۔

عرب میڈیا کے مطابق سوڈان کے دارالحکومت خرطوم میں شدید فائرنگ اور دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں ، فائرنگ خرطوم میں سوڈانی آرمی ہیڈکوارٹرز اور وزارت دفاع کے آفس کے قریب ہوئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق خرطوم میں سوڈان کے صدارتی محل کے قریب بھی فائرنگ کی آوازیں سنی گئیں اور خرطوم ائیرپورٹ سے دھواں بھی اٹھتا دکھائی دیا ہے ، اس کے علاوہ سوڈان کے شہروں مروی اور بحری میں بھی فائرنگ کی آوازیں سنائی دی ہیں۔

سوڈان کی پیرا ملٹری ریپڈ سپورٹ فورسز کا کہنا ہے کہ ہمارے ایک کیمپ پر سوڈانی فوج نے حملہ کیا ہے ہم نے خرطوم ائیرپورٹ اور مروی شہر میں فوجی اڈے کا کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔

دوسری جانب سوڈانی فوج کا کہنا ہے کہ پیرا ملٹری ریپڈ فورس کے اہلکار ملٹری ہیڈ کوارٹر پر قبضے کی کوشش کر رہے ہیں۔

سوڈانی فوج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل نبیل عبداللہ کا کہنا ہے کہ پیرا ملٹری ریپڈ فورس کے اہلکاروں نے خرطوم اور دیگر مقامات پر فوجی کیمپوں پر حملے کیے ہیں۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سوڈان کے مختلف شہروں میں کشیدگی کے بعد توپیں اوربکتر بند گاڑیاں بھی تعینات کردی گئی ہیں ۔

یاد رہے کہ دو روز قبل سوڈان میں مسلح افواج کے دو اہم دھڑوں کے درمیان کشیدگی کے باعث  ملک کی  سیاسی جماعتیں بھی حرکت میں آئی تھیں اور بحران پر غور کے لیے سابق فوجیوں پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی گئی تھی ۔