لاہور(امت نیوز)سینئر قانون دان اور پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ الیکشن نوے روز میں ہوں گے کیونکہ یہی سپریم کورٹ کا حتمی فیصلہ ہے۔
وکلا کی گول میز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اعتزاز احسن نے کہا کہ تمام اداروں کو سپریم کورٹ کے حتمی فیصلے پر عمل درآمد کرنا ہوگا کیونکہ تمام ادارے اس حکم نامے کے پابند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کے انعقاد کے معاملے کو بینچ کی تشکیل میں الجھا دیا گیا ہے۔
پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما اور سینئر قانون دان لطیف کھوسہ نے واضح کیا کہ آئین کی بالادستی اور عدلیہ کی آزادی کے لیے سب متحد ہیں، موجودہ پاکستان قائد اعظم کا پاکستان نہیں ہوسکتا۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سینئر وکلا نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے آگے میں نہ مانوں والی بات نہیں چلے گی۔
سپریم کورٹ بار کے صدر عابد زبیری نے کہا کہ تمام ادارے آئین پر چلنے کے پابند ہیں، آئین کہتا ہے نوے دن میں الیکشن ہونے ہیں تو بس یہ ہونے ہیں۔ سینئر قانون دان حامد خان نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئین میں کہیں درج نہیں کہ پورے ملک میں الیکشن ایک ساتھ ہونے ہیں۔
گول میز کانفرنس کے اختتام پر جاری مشترکہ اعلامیے میں وکلا نے پنجاب اور خیبرپختونخوا میں عدالتی حکم کی روشنی میں الیکشن کے انعقاد کا مطالبہ بھی کیا۔
”دستورِمملکت کی تقدیس اور عدلیہ کی آزادی“ کے نام سے منعقدہ گول میز کانفرنس میں معروف آئینی و قانونی ماہرین شریک ہوئے۔ سول سوسائٹی اور سیاسی جماعتوں کے مندوبین اور نامور صحافیوں کو بھی گول میز کانفرنس میں مدعو کیا گیا۔ اس کانفرنس کی قیادت لطیف کھوسہ نے کی جبکہ میزبانی کے فرائض اعتزاز احسن اور طارق رحیم نے انجام دیے