فائل فوٹو
فائل فوٹو

مظفر آباد،وزارت عظمیٰ کی دوڑ، پی ٹی آئی میں اختلافات برقرار

مظفرآباد: آزاد کشمیر میں وزارت عظمیٰ کی دوڑ جاری ہے، پاکستان تحریک انصاف باہمی اختلافات کا شکار ہوکر دو دھڑوں میں تقسیم ہو گئی،دونوں کی جانب سے26،26 ارکان کی حمایت کا دعویٰ کیا جارہا ہے ،اس صورتحال میں مسلم کانفرنس کے سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان کا ووٹ اہمیت اختیار کر گیا۔

مطابق وزارت عظمیٰ کے امیدوار کیلیے پاکستان تحریک انصاف میں اختلافات برقرار ہیں، تحریک انصاف کے فارورڈبلاک کی جانب سے اپوزیشن کیساتھ معاملات طے ہونے کا دعویٰ کیا جا رہا ہے۔

بیرسٹر سلطان گروپ نے چودھری اخلاق اور چودھری رشید کا نام وزارت عظمیٰ کیلئے پیش کیا،اپوزیشن اور بیرسٹر گروپ کے اتحاد کی صورت میں انہیں 26 ووٹ ملنے کا امکان ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے پاس بھی 26 ارکان موجودہیں، ایک ووٹ توڑنے والا بازی پلٹ سکتا ہے ،ایسی صورتحال میں مسلم کانفرنس کے سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان کا ووٹ اہمیت اختیار کر گیا،52 ارکان میں سے 27 ووٹ حاصل کرنیوالا امیدوار وزارت عظمیٰ کے منصب پر فائز ہو سکتا ہے۔

بیرسٹر سلطان گروپ کے 6 ارکان جس کی حمایت کریں گے وہی وزیراعظم بننے میں کامیاب ہو سکتا ہے،اپوزیشن کے ساتھ رابطوں کے خوف سے حکومتی ارکان اسمبلی کو کڑی نگرانی میں رکھا گیاہے،اپوزیشن سے چوہدری یاسین لطیف اکبر اور فیصل ممتاز راٹھور وزارت عظمیٰ کی دوڑ میں شامل ہیں۔

اجلاس 2 روز ملتوی ہونے کی وجہ سے قائد ایوان کا انتخاب نہیں کیا جا سکا،آرٹیکل 17 اوراسمبلی کے قاعدہ16 کے تحت جاری اجلاس میں وزیراعظم کا فوری انتخاب ضروری ہے،آج سہ پہر 2 بجے اسمبلی اجلاس میں قائدایوان کا انتخاب متوقع ہے۔